پنجاب حکومت کے سپورٹس کیلئے اقدامات سے سٹار کھلاڑی پیدا ہوں گے، حنیف عباسی

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)چیئرمین سٹیئرنگ کمیٹی سپورٹس پنجاب حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے سپورٹس کی ترقی اور فروغ کے لئے جو اقدامات کئے ہیں ان سے سٹار کھلاڑی پیدا ہوں گے، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق سپورٹس کا جدید سہولتوں سے مزئین بہترین نیٹ ورک قائم کردیا گیا ہے، جس سے نوجوان اپنی کارکردگی بہتر بنا رہے ہیں، صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے قلیل مدت میںصوبہ بھر میں سپورٹس کے جدید منصوبے مکمل کئے ہیں، کھلاڑیوں کو جدید سہولتوں سے فائدہ اٹھاکر اپنے کھیل کو بہتر بنانا چاہئے، سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے کہا کہ سپورٹس منصوبوں سے سپورٹس کلچر فروغ پائے گا، سپورٹس بورڈ پنجاب کھیلوں کی ترقی کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز سپورٹس بورڈ پنجاب میں لاہور ڈویژن میں جاری سپورٹس کے منصوبوں میں پیشرفت کے حوالے سے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ، سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان ، ڈپٹی سیکرٹری پلاننگ تہمینہ حبیب، ڈائریکٹر ایڈمن جاوید رشید چوہان، ڈائریکٹر پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ اکرم صوبن اور ڈی ایس او رئوف باجوہ سمیت کئی سپورٹس افسران شریک تھے،اجلاس میں لاہور ڈویژن میں جاری سپورٹس منصوبوں میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا، رکھ جیڈو، کرول گھاٹی، گائوشالا، پانڈوکی میں سپورٹس اور کرکٹ گرائونڈز، پنجاب سٹیڈیم میں سنتھیٹک ٹرف، منی ہاکی سٹیڈیم میں آسٹروٹرف اور ای لائبریریز کے منصوبوں کے کام کی رفتار کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، متعلقہ حکام نے ان منصوبوں پر بریفنگ دی، چیئرمین سٹیئرنگ کمیٹی سپورٹس پنجاب حنیف عباسی نے مزید کہا کہ گزشتہ چند سالوں میں پنجاب حکومت نے سپورٹس کے جتنے ترقیاتی منصوبے بنائے ہیں پہلے اتنے کبھی نہیں بنے، آج ہر ضلع، ہر تحصیل میں گرائونڈز اور جمنیزیم کی سہولت میسر ہے جہاں نوجوان سپورٹس کی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں، پسماندہ علاقوں کے باصلاحیت کھلاڑی تلاش کرنے کیلئے بھی اہم اقدامات کئے گئے ہیں جس سے نئے کھلاڑی ابھر کر سامنے آرہے ہیں، ہم پرامید ہیں کہ مستقبل قریب میں بہت سے نئے کھلاڑی سٹار بن کر سامنے آئیں گے، پنجاب حکومت نے سپورٹس کیلئے جتنی جدید سہولتیں فراہم کی ہیں اس سے امید کی جاسکتی ہے کھلاڑیوں کا سپورٹس میں مستقبل روشن ہے۔صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے قلیل مدت میں صوبہ بھر میں سپورٹس کے جدید منصوبے مکمل کئے ہیں جس میں اعلیٰ معیار کی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں، نوجوانوں ان سہولتوں سے بھرپور استعفادہ حاصل کرکے اپنے کھیل میں مزید بہتری لاکر ملک و قوم کا نام روشن کریں، حکومت نے اپنے اپنا فرض ادا کردیا ہے، اب نوجوان آگے بڑھیں اور کامیابیاں سمیٹیں۔سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے اجلاس سے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ میں سپورٹس منصوبوں سے سپورٹس کا کلچر فروغ پائے گا۔سپورٹس بورڈ پنجاب سپورٹس کی ترقی کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہا ہے اور کھلاڑیوں کو سپورٹس کی بہترین سہولتیں فراہم کر رہا ہے۔ قائداعظم گیمز اور بین الصوبائی گیمز میں پنجاب ایک بار پھر چیمپئن رہا جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پنجاب میں نوجوانوں کو سپورٹس کی بہترین میسر ہیں اور وہ محنت کرکے چیمپئن بن رہے ہیں۔

error: Content is protected !!