آئی پی ایل میچ میں ہنگامہ آرائی،،،غیر ملکی کھلاڑیوں پر جوتوں سے حملہ

ممبئی(سپورٹس لنک رپورٹ)انڈین پریمیئر لیگ کے میچ کے دوران پانی کی تقسیم کے حوالے سے ہنگامے پھوٹ پڑے اور باؤنڈری کے قریب کھڑے کھلاڑیوں پر جوتے بھی پھینکے گئے۔

بھارت میں آئی پی ایل کے آغاز کو ابھی صرف تین ہی روز گزرے ہیں اور آج چنئی سپر کنگز اور کلکتہ نائٹ رائڈرز کے میچ کے دوران شدید بد انتظامی دیکھنے میں آئی۔

تقریباً تین سال بعد چنئی سپر کنگز کی ٹیم اپنے ہوم گراؤنڈ ایم اے چدم برم اسٹیڈیم میں پہلا میچ کھیل رہی تھی لیکن میچ کے آٹھویں اوور میں تماشائیوں کی جانب سے چنئی سپر کنگز کے باؤنڈری کے قریب کھڑے فیلڈرز رویندرا جڈیجہ اور فاف ڈوپلیسس پر جوتے پھینکنے کا انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا۔

فاف ڈوپلیسس تماشائیوں کی جانب سے پھینکا گیا جوتا دکھا رہے ہیں جب کہ جڈیجہ جوتے کو کک مار کر گراؤنڈ سے باہر پھینکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ فوٹو: سوشل میڈیا

واقعے کے بعد پولیس اور گراؤنڈ انتظامیہ نے کھلاڑیوں پر جوتے پھینکنے والے مشتبہ تماشائیوں کو گراؤنڈ سے باہر نکال دیا اور بھارتی میڈیا کی اطلاعات کے مطابق ان تماشائیوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ میچ کے آغاز سے قبل بھی ہزاروں کی تعداد میں افراد نے گراؤنڈ کے باہر چنئی کو دریائی پانی کی فراہمی کے لیے مظاہرہ کیا اور اس دوران پولیس سے مظاہرین کی جھڑپیں بھی ہوئیں۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ چنئی کو دریائی پانی کی فراہمی تک ایم اے چدم برم اسٹیڈیم میں ہونے والے آئی پی ایل کے تمام میچز منسوخ کئے جائیں۔

مظاہرین کو احتجاج سے روکنے کے لیے 4000 پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا لیکن اس کے باوجود چنئی کے عوام نے پانی کی فراہمی کے لیے احتجاج کیا۔

گراؤنڈ کے باہر مظاہرے کی وجہ سے اسٹیڈیم کے اطراف شدید ٹریفک جام ہو گیا اور میچ آفیشلز کے تاخیر سے اسٹیڈیم پہنچنے کے باعث میچ بھی تاخیر سے شروع کرنا پڑا۔

error: Content is protected !!