ممبئی(سپورٹس لنک رپورٹ)آئی پی ایل سیزن گیارہ کے چودہویں میچ میں ممبئی انڈینز نے آخر کار رائل چیلنجرز بنگلور کو 46 رنز سے شکست دے کر پہلی فتح حاصل کر لی جس کیلئے کپتان روہت شرما مرد میدان قرار پائے۔ وانکھیڈے سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ممبئی انڈینز نے پہلے کھیلتے ہوئے چھ وکٹوں پر 213 رنز بنائے جس میں کپتان روہت شرما نے دس چوکوں اور پانچ چھکوں سمیت 94 رنز بنائے جبکہ ایون لوئس نے بھی چھ چوکوں اور پانچ چھکوں سمیت 65 رنز کا اضافہ کیا۔ اومیش یادیو اور کورے اینڈرسن نے دو،دو وکٹیں حاصل کیں۔ جوابی اننگز میں رائل چیلنجرز بنگلور نے ابتدائی چار اوورز میں 40 رنز بٹورے لیکن کوئنٹن ڈی کوک 19 اور مندیپ سنگھ ہی 16 رنز بنا کر اپنے کپتان ویرات کوہلی کا ساتھ نبھا سکے جنہوں نے ناقابل شکست 92 رنز میں سات چوکے اور چار چھکے لگائے۔ لیکن ویرات کوہلی کی یہ شاندار اننگز ضائع گئی اور انکی ٹیم فتح نہ حاصل کر سکی۔ کرونال پانڈیا نے تین جبکہ جسپریت بمراہ اور مچل میک کلین گھن نے دو،دو وکٹیں حاصل کیں۔