پاکستان کرکٹ ٹیم جنوبی افریقہ جائیگی،3ٹیسٹ،5ون ڈے اور 3 ٹی ٹونٹی کھیلے گی

اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)جنوبی افریقہ کے کرکٹ بورڈ نے اپنے ہوم سیزن 19-2018 کا اعلان کردیا جس کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف 3 ٹیسٹ، 5 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔کرکٹ ساؤتھ افریقہ کی ویب سائٹ کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان سب سے پہلے ٹیسٹ اس کے بعد ون ڈے اور پھر ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلی جائے گی۔جنوبی افریقہ اور مہمان ٹیم کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ باکسنگ ڈے (26 دسمبر) سے سپر اسپورٹس پارک سنچورین میں کھیلا جائے گا۔سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 3 جنوری 2019 سے نیولینڈ پارک کیپ ٹاؤن میں جبکہ تیسرا ٹیسٹ میچ 11 جنوری سے جوہانسبرگ کے وانڈررز میں کھیلا جائے گا۔دونوں ٹیموں کے درمیان 5 ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 19 جنوری کو سینٹ جارج پارک پورٹ ایلزبتھ، دوسرا میچ ڈربن کے کنگسمیڈ میں 22 جنوری، تیسرا میچ 25 جنوری کو سپر اسپورٹس پارک سنچورین، چوتھا میچ 27 جنوری کو جوہانسبرگ کے وانڈررز جبکہ پانچواں میچ 30 جنوری کو نیولینڈز کیپ ٹاؤن میں کھیلا جائے گا۔آخر میں دونوں ممالک کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی جس کا پہلا میچ یکم فروری کو کیپ ٹاؤن، دوسرا میچ 3 فروری کو جوہانسبرگ اور تیسرا اور آخری میچ 6 فروری کو سنچورین میں کھیلا جائے گا۔کرکٹ جنوبی افریقہ کے مطابق پاکستان سے قبل زمبابوے اور بعد میں سری لنکا کی ٹیمیں بھی پروٹیز کے خلاف سیریز کھیلیں گے۔یاد رہے کہ پاکستان نے 2013 میں اپنے گزشتہ دورہ جنوبی افریقہ کے دورن مصباح الحق کی قیادت میں ایک روزہ سیریز میں 2-1 سے شکست دی تھی، جس کے ساتھ ہی وہ جنوبی افریقہ کو اس کے ہوم گراؤنڈ میں شکست دینے والی پہلی ایشیائی ٹیم بن گئی تھی۔

error: Content is protected !!