کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)ڈپارٹمنٹل ٹی ٹوئنٹی ویمنز کرکٹ چیمپئن شپ میں مزید دو میچوں کے فیصلے ہو گئے۔ نیشنل اسٹیڈیم میں زرعی ترقیاتی بینک نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے دو وکٹوں پر 147رنز بنا ڈالے۔ناہیدہ خان نے چھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 67،نین عابدی نے 31 اور ندا ڈار نے ناقابل شکست 38 رنز بنائے۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ٹیم جواب میں نو وکٹوں پر محض 81 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکی اور 66 رنز سے شکست کھا گئی۔
گل فیروزہ نے چھ چوکوں کی مدد سے 38 رنز بنائے جبکہ کپتان فضیلہ اخلاق اور مدیحہ رشید نے تیرہ،تیرہ رنز کا اضافہ کیا۔ ڈائنا بیگ اور ماہم منظور نے تین،تین جبکہ ندا ڈار نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ ایک اور میچ میں اسٹیٹ بینک نے پی سی بی الیون کیخلاف ٹاس میں کامیابی کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نو وکٹوں پر 116رنز بنائے جس میں عائشہ ظفر چھ چوکوں کی مدد سے 36 رنز بنا کر نمایاں رہیں جبکہ بعد میں آنے والی کپتان عالیہ ریاض نے ناقابل شکست 39 رنز میں ایک چوکا اور دو چھکے لگائے اور ارم جاوید نے بھی 13 رنز کا اضافہ کیا۔
ثانیہ خان نے چار اور کائنات امتیاز نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ جوابی اننگز میں پاکستان کرکٹ بورڈ الیون کی ٹیم کو پہلا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب ثناء عروج دس رنز بنا کر پویلین لوٹ گئیں تاہم بعد میں جویریہ رؤف نے نو چوکوں سمیت ناقابل شکست 59 اور کائنات امتیاز نے 42 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو آٹھ وکٹوں سے فتح دلا دی اور ماہم طارق کی دو وکٹیں ضائع ہو گئیں۔