دوستانہ کرکٹ میچ میں رسجا کی جیت

اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان سپورٹس بورڈ الیون اور رسجا الیون کے درمیان کھیلے گئے دوستانہ کرکٹ میچ میں رسجا الیون نے 5وکٹوں سے کامیابی حاصل کرلی۔پاکستان سپورٹس بورڈ کے جناح سٹیڈیم کی فلڈ لائٹس میں پاکستان سپورٹس بورڈ الیون اور رسجا الیون کے درمیان کھیلے گئے اس دوستانہ کرکٹ میچ کے موقع پر پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل عامر علی احمد ،نامور کرکٹرز عمر گل،وسیم احمد ، نوید قریشی اور سی ڈی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر سپورٹس چوہدری شہزاد مہمانان خصوصی تھے جبکہ پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹرز شاہد اسلام،آغا امجد اللہ،ڈاکٹر شبینہ،ملک امتیاز حسین ،سعید احمد،محمد اکرم بھٹی اور چوہدری غلام رسول کے علاوہ شائقین کرکٹ کی ایک بڑی تعداد وہاں پہ موجود تھی۔پاکستان سپورٹس بورڈ الیون کے کپتان منصور احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔پاکستان سپورٹس بورڈ الیون کی ٹیم نے مقررہ 10اوور ز میں ایک وکٹ کے نقصان پر124رنز بنائے،پی ایس بی الیون کی طرف سے رانا نصراللہ نے 45رنز بنائے۔جواب میں رسجا الیون نے مذکورہ ہدف 8.2اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر پورا کر کے 5وکٹوں سے کامیابی حاصل کر لی،رسجا الیون کے محسن علی نے 5چھکوں اور3چوکوں کی مدد سے52رنز بنائے اور انہیں مین آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔اس موقع پر رسجا الیون کے کپتان محسن علی نے ونر جبکہ پی ایس بی الیون کے کپتان منصور احمد نے رنر اپ ٹرافی حاصل کی،نیز مہمانوں میں گفٹس بھی تقسیم کیئے گئے۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر پی ایس بی منصور احمد نے کہا کہ صحافیوں کیساتھ اس دوستانہ کرکٹ میچ کا انعقاد پی ایس بی اور کھیلوں کے صحافیوں کے درمیان دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔پاکستان سپورٹس بورڈ مستقبل میں بھی کھیلوں سے وابستہ صحافیوں کیساتھ ملکر کھیلوں کی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھے گا۔محسن علی نے اس میچ کے انعقاد پر وفاقی وزیر ریاض حسین پیرزادہ،ڈی جی پی ایس بی عامر علی احمد ،کرکٹرز اور پی ایس بی انتظامیہ کا شاندار انتظامات پرشکریہ ادا کیا اور کہا مستقبل میں بھی یہ سلسلہ جاری رہنا چاہیئے۔

 

error: Content is protected !!