پنجاب یونیورسٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس زبیر بٹ کینن فوم چیلنج کپ میں عمدہ پرفارمنس پر گولڈن سٹار کلب کے اسدرزاق کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دے رہے ہیں ۔
لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)گولڈن سٹار کرکٹ کلب ،خان سپورٹس اور غالب سپورٹس کلب کی ٹیموں نے پہلے کینن فوم چیلنج کپ ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل مرحلے کے لئے کوالیفائی کرلیا ۔ینگ مغلپورہ جم خانہ ،جلوجم خانہ اور شائننگ کلب کی ٹیموں کا سفر پری کوارٹر فائنل مر حلے میں ختم ہو گیا ۔پنجاب یونیورسٹی نیو کیمپس گراؤنڈ نمبر ایک پر گولڈن سٹار کرکٹ کلب نے ینگ مغلپورہ جم خانہ کلب کو 159رنز سے شکست دی ۔ینگ مغلپورہ جم خانہ کلب کی دعوت پر پہلے کھیلتے ہوئے گولڈن سٹار کلب کی پوری ٹیم 34ویں اوور میں 298رنز بناکر آؤٹ ہو گئی ۔اسد رزاق 57,زوہیب امانت 50،ندیم خان 43،صداقت علی 41اور ذیشان شبیر 34رنز بناکر نمایاں رہے ۔ینگ مغلپورہ جم خانہ کی طرف سے ذیشان رزاق نے چار ،خبیب ندیم نے تین اور حمزہ انور نے دو کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا ۔جواب میں ینگ مغلپورہ جم خانہ کلب کی ٹیم 25ویں اوور کی آخری گیند پر 139رنز بناکر آؤٹ ہوگئی فہد رفیق 26،خبیب ندیم 25اور اذہان جاوید 21رنز بناکر نمایاں رہے ۔گولڈن سٹار کلب کی طرف سے سجاول بٹ نے تین ،ضرار شکیل اور عمران علی نے دو دو جبکہ سہیل امانت ،ذیشان شبیر اور اسامہ عقیل نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔عمدہ بلے بازی اور بہترین فیلڈنگ پر گولڈن سٹار کلب کے اسد رزاق کو مین آف دی میچ قراردیا گیا ۔گراؤنڈ نمبر دو پر غالب سپورٹس نے ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا اپ سیٹ کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کی فیورٹ ٹیموں میں سے ایک شائننگ کلب کو 67رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کردیا ۔غالب سپورٹس نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 35اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 177رنز بنائے ۔حسن رضوان 81 اورطارق نواز 30رنز بناکر نمایاں رہے ۔شائننگ کلب کی طرف سے احمر جلیل ،اعجاز انوراور محمد شہبازنے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔جواب میں شائننگ کلب کی ٹیم 28ویں اوور میں 110رنز بناکر آؤٹ ہو گئی ۔حسن جاوید 24جبکہ عبدالصبور اور رانا عدنان 18،18رنز بناکر نمایاں رہے ۔غالب سپورٹس طرف سے حسن رضوان نے چار ،محمد منیر اور علی حیدر نے دودو کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا ۔آل راؤنڈ پرفارمنس پر حسن رضوان کو مین آف دی میچ قراردیا گیا ۔گراؤنڈ نمبر تین پر خان سپورٹس نے جلو جم خانہ 51رنز سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا ۔خان سپورٹس نے پہلے کھیلتے ہوئے 8وکٹوں کے نقصان پر 197رنز بنائے۔زین العابدین 85،وقاص علی 46رنز بناکرنمایاں رہے ۔جلو جم خانہ کی طرف سے رضوان عباس نے تین ،یوزف ڈیوڈ نے دو کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا ۔جواب میں جلو جم خانہ کی ٹیم 146رنزبناکر آؤٹ ہو گئی ۔27ویں اوور میں 146رنزبناکر آؤٹ ہو گئی ۔حسن مختار 37جبکہ اظہر وحید اور میاں عرفان 17،17رنز بناکر نمایاں رہے ۔خان سپورٹس کے کپتان فیصل منیر نے 29نز کے عوض پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور مین آف دی میچ قرارپائے ۔