پہلی پنجاب اوپن انٹر ڈویژن باکسنگ چیمپئن شپ، فائنل مرحلے میں داخل


لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامرجان نے پنجاب اوپن انٹر ڈویژن باکسنگ چیمپئن شپ کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ چیمپئن شپ سے باکسنگ کا نیا ٹیلنٹ سامنے آرہا ہے، نوجوانوں کو صلاحیتوں کے اظہار کے لئے بہترین پلیٹ فارم مہیا کیا ہے، پیر کے روز اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ باکسرز نے جس جوش و جذبے سے چیمپئن شپ میں حصہ لیا ہے و ہ قابل ستائش ہے ، نوجوان میں کچھ کرنے کا جذبہ ابھرا ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب نے وزیرا علیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق پنجاب میں سپورٹس کا بہترین انفراسٹرکچر بنادیا ہے، اب دور دراز کے علاقوں کے رہنے والے کھلاڑی بھی اپنے کھیل کو بہتر بناسکتے ہیں۔سیکرٹری سپورٹس پنجاب محمد عامر جان کی ہدایت پر سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس کے جمنزیم ہال میں جاری پہلی پنجاب اوپن انٹر ڈویژن باکسنگ چیمپئن شپ کے تیسرے روز پیر کو دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے ہوئے،شائقین کی بڑی تعداد نے مقابلے دیکھے، نتائج کے مطابق لاہور ڈویژن کے 8باکسرز (یوتھ کلاس) نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے حریفوں کو بآسانی چت کر کے فائنل میں پہنچ گئے

فیصل آباد کے 6باکسرز بھی فائنل میں رسائی حاصل کرنے میں کامیاب رہے، ڈیرہ غازی خان سے دو جبکہ ملتان،ساہیوال گوجرانوالہ اور سرگودھا کا ایک ،ایک باکسر فائنل تک پہنچ سکا، نتائج کے مطابق یوتھ کلاس میں لاہور ڈویژن کے حمزہ شاکر، (32کلوگرام)، عمیر خان (40کلوگرام)، زین رفیق(45کلوگرام)، ابرار احمد(52کلوگرام)، رانا واصف(56کلوگرام)، مدثر خان(60کلوگرام)، یوسف لی بٹ(64کلوگرام)،عثمان تاجور69کلوگرام) نے احتشام، محمد حارث، ہاشم، سعود شفاقت، مبشر، انیق الرحمن، شرجیل شوکت اور عبدالرحمن کو ہرایا،فیصل آباد ڈویژن سے عبدالرحمن(36کلوگرام)، محمد طلحہ(40کلوگرام)، سادات حسین(45کلوگرام)، محمد ارسلان(52کلوگرام)، شاہ ویز(56کلوگرام) اور فیصل شفیق(64کلوگرام) نے عدیل، احمد رضوان، حامان حیدر، جمشید اشرف، راج علی اور حیدر صبغت اللہ کو شکست دی،ڈیرہ غازی ڈویژن سے شاہ احمد(49کلوگرام) کے مقابلے میں محمد عثمان اور عمر فاروق (60کلوگرام) میں سلمان کو مات دی،ملتان ڈویژن کے علی رضا(32کلوگرام) نے صبغت اللہ ، گوجرانوالہ ڈویژن کے عدنان (36کلوگرام) نے زین، ساہیوال ڈویژن کے سہیل اختر (49کلوگرام) نے امیر حمزہ اور سرگودھا ڈویژن کے آدم(69کلوگرام) نے شاہ میر خان کو ہرا فائنل میں جگہ بنا لی۔ادھر خواتین باکسرز کے مابین بھی دلچسپ مقابلے ہوئے

جس میں 9خواتین باکسرز نے فائنل میں جگہ بنالی، فیصل آباد ڈویژن کی سمیرا علی (45کلوگرام)،زومیرا اور ثنا بی بی (57کلوگرام)نے اپنی حریفوں کو بآسانی ہرادیا، لاہور ڈویژن کی رابعہ بصری(45کلوگرام)، آرزو اشرف (75کلوگرام)،راولپنڈی کی روما یوسف(45کلوگرام)،اسماء یونس(57کلوگرام)،گوجرانوالہ ڈویژن کی ساویرا(48کلوگرام)،ساہیوال ڈویژن کی اریج یوسف (51کلوگرام) بھی فائنل میں پہنچ گئیں۔

error: Content is protected !!