آفریدی بدستور ان فٹ،ورلڈ الیون کیخلاف شرکت مشکوک


کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)قومی ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد آفریدی اب تک گھٹنے کی انجری سے نجات حاصل نہیں کر سکے ہیں جس کے سبب ان کی ویسٹ انڈیز کے خلاف ورلڈ الیون کے میچ میں شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔شاہد آفریدی رواں سال پاکستان سپر لیگ کے دوران انجری سے دوچار ہوئے تھے اور 2ماہ گزرنے کے باوجود اب تک گھٹنے کی انجری سے مکمل صحت یاب نہیں ہوسکے۔اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے آج دبئی میں اپنا چیک اپ کرایا اور اس بات کا اعلان کیا کہ انہیں انجری سے صحتیابی میں مزید 3 سے 4 ہفتے لگ سکتے ہیں۔ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شاہد آفریدی نے کہا کہ دبئی میں اپنے ڈاکٹر سے ملا، میرا گھٹنا ابھی تک ٹھیک نہیں ہوا۔ مجھے ٹھیک ہونے میں تین سے چار ہفتے لگیں گے۔ میں اس کے بعد مکمل فٹنس کے لیے پرامید ہوں۔اس انجری کی وجہ سے شاہد آفریدی کی ویسٹ انڈیز کے خلاف 31مئی کو لارڈز میں شیڈول چیریٹی میچ میں شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔گزشتہ سال کیریبیئن جزائر میں ارما اور ماریہ نامی طوفان سے وہاں موجود چند اسٹیڈیمز بری طرح متاثر ہوا تھا اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل، انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ اور میلبرن کرکٹ کمیٹی نے سمندری طوفانوں سے تباہ ہونے والے 5 اسٹیڈیمز کی تعمیر نو کے لیے فنڈز اکٹھا کرنے کی غرض سے چیریٹی میچ کے انعقاد کا فیصلہ کیا تھا۔شاہد آفریدی کے ساتھ ساتھ شعیب ملک کو بھی ورلڈ الیون کا حصہ بنایا گیا تھا جس کی قیادت انگلینڈ کے آئن مورگن کریں گے۔

error: Content is protected !!