انگلینڈ کیخلاف پہلا ٹیسٹ:گرین شرٹس کیلئے باؤلر ز کا انتخاب مشکل

کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)قومی ٹیم مینجمنٹ کیلئے انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے حتمی پلیئنگ الیون خصوصا باؤلنگ اٹیک کا انتخاب ایک مشکل فیصلہ بن گیاہے ۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق انگلینڈ کیخلاف باؤلنگ اٹیک کیا ہو گا یہ سوال ٹیم مینجمنٹ کیلئے حل کرنا آسان نہیں اور اہم پیسر محمد عامر کے فٹنس مسائل اورغیر متاثر کن کارکردگی کی وجہ سے مشکلات اور بڑھ گئی ہیں جبکہ سپن ڈیپارٹمنٹ میں صرف ایک ہی سپیشلسٹ سپنر شاداب خان کی خدمات حاصل ہیں ۔ واضح رہے کہ محمد عامر آئرلینڈ کیخلاف واحد ٹیسٹ میں انجری مسائل کا شکار ہو گئے تھے ۔ وہ جمعرات کو لارڈز پر انگلینڈ کیخلاف ہونے والے پہلے ٹیسٹ سے قبل لیسسٹرشائر کیخلاف دو روزہ میچ کا بھی حصہ نہیں تھے ۔ ٹیم مینجمنٹ کے مطابق محمد عامر پر ورک لوڈ کم کرنے کیلئے انہیں وارم اپ میچ میں نہیں کھلایا گیا ۔ دوسری جانب دیگر پیسرز جو لیسٹر شائرکے خلاف میچ میں کھیلے، ان کی کارکردگی بھی اوسط درجے کی نظر آئی۔ حسن علی، راحت علی، محمد عباس، فہیم اشرف کوئی بھی ٹیم مینجمنٹ کو متاثر کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔

واضح رہے کہ فاسٹ باؤلر حسن علی بھی مکمل فٹ نہ ہونے کی وجہ سے آئرلینڈ کیخلاف ٹیسٹ نہیں کھیل سکے تھے ۔ سینئر سپنر یاسر شاہ کی عدم موجودگی میں تمام انحصار لیگ سپنر شاداب خان پر ہے جنہوں نے دورہ انگلینڈ میں اب تک متاثر کن پرفارمنس دکھائی ہے لیکن ٹیم مینجمنٹ کو یہ ڈر ہے کہ اگر انگلش ٹیم کے خلاف وہ کار گر ثابت نہ ہو سکے تو گرین شرٹس کی مشکلات بڑھ جائیں گی کیونکہ اب تک قومی پیسرز غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے ہیں۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق باؤلنگ اٹیک کے ساتھ بیٹنگ لائن خصوصاً اوپنرز کے حوالے سے فیصلہ بھی آسان نہیں کیونکہ امام الحق کے بعد اظہر علی اور فخر زمان نے بھی لیسسٹرشائر کیخلاف اچھی پرفارمنس دکھائی ہے ۔

error: Content is protected !!