لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کی پہلی کبڈی لیگ ‘سپر کبڈی لیگ’ کو گزرے 2 ہفتے ہو گئے ہیں لیکن کھلاڑیوں کو معاوضہ نہ مل سکا جس کی وجہ سے کھلاڑیوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔پاکستان سپر لیگ کے مقابلے رواں ماہ 2 سے 10 مئی تک لاہور کے نشتر میڈیکل کمپلیکس میں منعقد ہوئے جس میں پاکستان سمیت سری لنکا، عراق، ایران، ملائیشیا، جاپان، کینیا اور بنگلہ دیش کے کھلاڑیوں نے شرکت کی۔9 روز تک منعقد ہونے والے اس ایونٹ کے فائنل میں گجرات واریئرز نے فیصل آباد شیردل کو شکست دے کر چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔لیگ کو ختم ہوئے 2 ہفتے سے زائد کا وقت گزر چکا ہے لیکن ابھی تک کھلاڑیوں کو معاہدے کے تحت رقم کی ادائیگی نہیں کی گئی۔کھلاڑیوں نے شکوہ کیا ہے کہ منتظمین نے پیسوں کی ادائیگی کا وعدہ کیا ہوا ہے مگر اب تک پیسے نہیں ملے۔ذرائع کے مطابق سپر کبڈی لیگ میں گولڈ کٹیگری کے لیے 75ہزار روپے جبکہ پلاٹینم کیٹیگری کے لیے ڈیڑھ لاکھ روپے کی رقم مختص کی گئی تھی۔دوسری جانب منتظمین نے کھلاڑیوں کو جلد رقم کی ادائیگی کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ کھلاڑیوں سے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات مانگ لیں اور رقم جلد ٹرانسفر کردی جائے گی۔لیگ کے منتظمین نے کہا کہ ہم یقین کرنا چاہتے کہ پیسے کھلاڑیوں تک پہنچیں، اسی لیے کھلاڑیوں کے تصدیق شدہ بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات مانگی ہیں۔