پاکستانی کرکٹرز لارڈز میں لارڈ بن گئے

لندن(سپورٹس لنک رپورٹ) لارڈز ٹیسٹ میں پاکستان نے انگلینڈ کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔انگلینڈ کی جانب سے دیے گئے 64 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کے اظہر علی اور  امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا لیکن 12 کے مجموعے پر اظہر علی 4 رنز بنا کر جیمز اینڈرسن کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔اظہر علی کے آؤٹ ہونے کے بعد امام الحق کا ساتھ دینے کے لیے حارث سہیل وکٹ پر آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔ حارث سہیل نے چوکا لگا کر میچ کا خاتمہ کیا۔حارث سہیل 32 گیندوں پر 39 اور امام الحق 18 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔جیت کے بعد قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ یہ بات درست ہے کہ ہماری ٹیم نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل تھی لیکن جس طرح ہم کھیلے تو ٹیم پر اور خاص طور پر نوجوان لڑکوں پر فخر ہے۔سرفراز احمد نے کہا کہ بولرز نے اچھی لائن اور لینتھ پر گیند کرائی جس کے اچھے نتائج سامنے آئے، بولنگ کوچ نے کھلاڑیوں پر بہت محنت کی۔ان کا کہنا تھا کہ آئر لینڈ کے خلاف اچھا کھیلے جس کا فائدہ انگلینڈ میں بھی ہوا۔چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی نے انگلینڈ کے خلاف تاریخی جیت پر قوم کو مبارکباد پیش کی۔نجم سیٹھی نے کپتان سرفراز احمد، ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور دیگر کوچز کو بھی جیت کی مبارکباد پیش کی۔میزبان انگلش ٹیم لارڈز ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 235 رنز  سے چوتھے روز کے کھیل کا آغاز کیا تو  مجموعی اسکور میں 2 رنز کے اضافے کے بعد بٹلر 67 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔انگلینڈ کی آٹھویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی مارک ووڈ تھے جو 4 رنز بناکر محمد عامر کا شکار بنے جب کہ کرس براڈ بغیر کوئی رنز بنائے محمد عباس کی گیند پر سرفراز کو کیچ تھما بیٹھے۔ 242 کے مجموعی اسکور پر ڈومینگ بیس 57 رنز بناکر آؤٹ ہوئے اور مہمان ٹیم نے 63 رنز کی برتری حاصل کی۔میزبان ٹیم کی جانب سے محمد عامر اور محمد عباس نے چار، 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ دوسری اننگز انگلینڈ کی جانب سے روٹ نے 68، جوس بٹلر 67 اور ڈومینک بیس 57 رنز  کے ساتھ نمایاں رہے۔یاد رہے کہ گرین کیپس نے اس  سے قبل اپنی پہلی اننگز میں 363 رنز بنائے تھے جبکہ انگلش ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے صرف 184 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔اس سے قبل انگلش ٹیم کے 6 کھلاڑی دوسری اننگز میں صرف 110 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے تھے جس کے بعد جوس بٹلر اور ڈومینک بیس نے بیٹنگ کو سنبھالا اور ساتویں وکٹ پر 125 رنز کی شراکت قائم کی۔

error: Content is protected !!