ورلڈ کپ وارم اپ میچ میں میسی کی ہیٹ ٹرک

بیونس آئرس(سپورٹس لنک رپورٹ) لیونل میسی کی شاندار ہیٹ ٹرک کی بدولت ارجنٹائن نے ہیٹی کو ورلڈ کپ وارم اپ میچ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 4-0 گولز سے ہرا ورلڈ کپ کی تیاریوں کا شاندار انداز میں آغاز کیا ہے۔آئندہ ماہ شیڈول فیفا ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں کھیلے گئے انٹرنیشنل فرینڈلی میچ میں ارجنٹائن نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہیٹی کو باآسانی 4-0 گولز سے ہرا دیا۔بارسلونا کے عالمی شہرت یافتہ اسٹار میسی نے 17ویں منٹ میں گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی جو پہلے ہاف تک برقرار رہی۔دوسرے ہاف میں میسی نے یکے بعد دیگرے دو مزید گول کر کے ناصرف شاندار ہیٹ ٹرک مکمل کی بلکہ ٹیم کا سکور 3-0 کر دیا جبکہ 69ویں منٹ میں ارجنٹائن کے ایگویرو نے گول کر کے مقابلہ 4-0 گولز کر دیا۔ارجنٹائن کی یہ برتری میچ کے اختتام تک برقرار رہی اور اس طرح ارجنٹائن نے ہیٹی کو 4-0 گولز سے زیر کر کے کامیابی سمیٹی۔ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں کھیلے گئے دیگر میچوں میں پرتگال اور تیونس کی ٹیمیں مدمقابل آئیں جہاں اس مقابلے میں پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے میچ میں حصہ نہیں لیا اور دونوں ٹیموں کے درمیان میچ 2-2 گول سے برابر رہا۔ایک اور میچ میں ترکی نے ایران کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔تاہم ورلڈ کپ کا افتتاحی میچ کھیلنے والی سعودی عرب کی ٹیم کے لیے وارم اپ میچ کچھ اچھا ثابت نہ ہو سکا اور انہیں اٹلی کے خلاف 1-2 سے شکست ہوئی جہاں اطالوی عالمی کپ کے لیے کوالیفائی نہیں کرسکی۔

error: Content is protected !!