اے کے جی رمضان کرکٹ‘ فضل سبحان نے آغا اسٹیل کو پہلے معرکہ میں سرخرو کردیا


کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) 31ویں اے کے جی رمضان کپ ٹی ٹوئنٹی کلر کٹ کرکٹ ٹورنامنٹ میں میزبان آغا خان جیم خانہ کو ایک اورچھٹکا لگا جب انہیں آغا اسٹیل نے 8وکٹوں کی ہزیمت سے دوچار کرکے مسلسل دوسری شکست پر مجبور کیا۔92رنز کا ہدف فاتح ٹیم نے 10.1اوورز میں 95رنزبنا کر حاصل کرلیا۔فاتح ٹیم کے توحید خان نے 11رنز کے عوض 4شکارکرکے مین آف دی میچ ایوارڈ ٹیسٹ ایمپائر ریاض الدین سے حاصل کیا۔ اس موقع پر سینئر ممبر اے کے جی الامین تریانی، اکبر عالم، کرکٹ کنوینر میر افضل بیگ، حامدعلی او رجنید غفور بھی موجو د تھے۔آج (ہفتہ) آغا خان جیم خانہ اور قاسمی سی سی کے مابین مقابلہ ہوگا۔آغا خان جیم خانہ گراؤنڈ گارڈن ویسٹ پر جاری ایونٹ گروپ ’سی‘ میں آغا خان جیم خانہ نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 17.4اوورز میں 91رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ پرویز علی 2چھکوں اور2چوکوں کے ساتھ 30رنز اور کامران ولی 2چوکے لگا کر 24رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ حامد علی نے 15رنز میں ایک چوکا لگایا جبکہ علی خرم نے بغیر کسی باؤنڈری کے 11رنز اسکور کئے۔ توحید خان نے انتہائی عمدہ بولنگ کی اور 4حریف بلے بازوں کو11رنز کے عوض چلتا کیا۔ عمران علی کو 8رنز اورحسان احمد کو 32رنز پر 2,2وکٹیں اپنے نام کرنے کا موقع ملا۔ یاسر حسین اور کامران افضل کو ایک ایک وکٹ ملی۔ آغا اسٹیل کو جوابی اننگز میں مطلوبہ ہدف کے حصول میں کسی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا اور باآسانی 10.1اوورز میں 2وکٹوں پر 95رنز حاصل کرلئے گئے۔ فضل سبحان نے اپنی ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کرتے ہوئے 7چوکوں اور 4چھکوں کی مرہون منت 67رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی۔علی سرفراز کے 15رنز میں 2چوکے شامل تھے۔دونوں کھلاڑیوں کے مابین 56رنز کی رفاقت قائم ہوئی۔زین امین اور دیدار اختر کو حریف ٹیم کی ایک ایک وکٹ ملی۔

error: Content is protected !!