ماسکو (سپورٹس لنک رپورٹ)فٹبال کے عالمی مقابلے فیفا ورلڈ کپ 2018 کے آغاز میں ابھی چند روز باقی ہیں لیکن شائقین کا جذبہ عروج پر پہنچ گیا ہے اور شائقین کے اسے جذبے کو دیکھتے ہوئے فیفا نے 24 لاکھ سے زائد ٹکٹ جاری کردیئے ہیں۔اس حوالے سے فیفا کی ایک رپورٹ کے مطابق روس میں کھیلے جانے والے فیفا ورلڈ کپ 2018 کے ٹکٹ کی سیل دنیا میں 15 ستمبر 2017 سے جاری ہے اور دنیا میں موجود شائقین کو اب تک لاکھوں ٹکٹ جاری کیے جاچکے ہیں۔فیفا میچز کے لیے سب سے زیادہ روس کے شائقین کو (8 لاکھ 71 ہزار 797) ٹکٹ جاری کیے گئے، اس کے بعد امریکا کے شائقین کے لیے (88 ہزار 825)، برازیل (72 ہزار 512)، کولمبیا (65 ہزار 234 )، جرمنی (62 ہزار 541)، میکسیکو (60 ہزار 302)، ارجنٹائن (54 ہزار 31)، پیرو (43 ہزار 583)، چین (40 ہزار 251)، آسٹریلیا (36 ہزار 359) اور انگلینڈ کے (32 ہزار 362) شائقین کو ٹکٹ جاری کیے گئے جبکہ ٹکٹ کی سیل 15 جولائی تک جاری رہے گی، جس کے بعد ان اعداد و شمار میں تبدیلی بھی متوقع ہے۔دوسری جانب فیفا کی جانب سے فٹ بال شائقین کو مزید سہولیات فراہم کرنے کے لیے اضافی ٹکٹ کی فراہمی کا اعلان کردیا گیا۔شائقین میں عالمی ورلٹ کپ کے جنون کو دیکھتے ہوئے فیفا کی جانب سے براہ راست ٹکٹ کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ایک لاکھ سے زائد ٹکٹ جاری کیے جائیں گے، یہ ٹکٹ پہلے فیفا کے دیگر گروپس کی جانب سے محفوظ کرائے گئے تھے جو 8 جون سے فیفا کی ویب سائٹ پر پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر دستیاب ہیں۔فیفا کی جانب سے جاری کردہ یہ اضافی ٹکٹ تمام میچز کے لیے ہوں گے جبکہ اس میں 4 کٹیگری شامل ہو گی جو مخصوص مقابلوں کے لیے صرف روس کے شہریوں کے لیے مختص ہوں گی۔ٹکٹ کی بڑھتی ہوئی مانگ کے پیش نظر فیفا کی جانب سے شائقین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ جلد سے جلد اپنا ٹکٹ خریدیں کیونکہ مانگ میں اضافے کے باعث ٹکٹ جلد ختم ہونے کا امکان ہے۔خیال رہے کہ اس سے قبل فیفا ورلڈ کپ 2018 کے پیش نظر روس کی جانب سے عارضی ویزا پالیسی کا اعلان کیا گیا تھا، جس کے تحت غیر ملکی شائقین کے لیے ان کا ٹکٹ ہی ویزا ہوگا جس پر وہ روس میں داخلے کے حقدار ہوں گے۔روسی حکومت کی جانب سے اس عارضی پالیسی کا اطلاق پاکستان سے تعلق رکھنے والے شائقین پر بھی ہوگا، تاہم پاکستانی شائقین کو اس کے لیے فیفا سے اپنا ٹکٹ اور فین آئی ڈی حاصل کرنا ہوگی۔