اولمپئن منصور کی یاد میں کھیلا گیا نمائشی میچ برابر

کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) اولمپیئن منصور احمد اور مشیرربانی مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرنے کی غرض سے کھیلا جانیوالا نمائشی ہاکی میچ منصور اور ربانی الیون کے درمیان تین، تین گول سے برابر ہوگیا، ربانی الیون کی جانب سے محسن ظفر، اسامہ شاہ شعیب جٹ جبکہ منصور الیون کی جانب سے سمیر حسین، اوصاف ربانی اور صفدر عباس نے گول اسکور کئے، سابق سینیٹر اور پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما راشد ربانی میچ کے مہمان خصوصی تھے۔ اولمپئین اصلاح الدین و ڈاکٹر محمد علی شاہ ہاکی اکیڈمی میں حبیبیئنز ہاکی کلب کی جانب سے میچ کا انعقاد کیا گیا چار کوارٹر پر مشتمل میچ کا پہلا کوارٹر ایک، ایک گول سے برابر رہا، پہلا گول ربانی الیون کی جانب سے اسامہ شاہ نے10ویں منٹ میں اسکور کیا، تاہم چار منٹ بعد 14ویں منٹ میں منصور الیون کے اولمپئن سمیر حسین نے گیند کو جال کی نذر کرکے مقابلہ برابر کردیا، دوسرے اور تیسرے کوارٹر میں دونوں ٹیموں کی جانب سے کوئی گول اسکور نہ ہوسکا تاہم میچ کا چوتھا کوارٹر بہت دلچسپ اور سنسنی خیز رہا، جہاں دونوں ٹیموں نے دو، دو گول اسکورکئے، ربانی الیون کے سینٹر فارورڈ شعیب احمد جٹ نے 47 ویں اور محسن ظفر نے 50ویں منٹ میں گول بنائے تاہم حریف ٹیم کی جانب سے کپتان صفدر عباس نے 55 ویں اور اوصاف ربانی نے 58 ویں منٹ میں گیند کو جال میں پہنچا کر نہ صرف برتری کا خاتمہ کیا بلکہ مقابلہ 3-3 گول سے برابرکردیا۔ میچ کے اختتام پر متنازعہ کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے عہدیداروں راشد ربانی اور سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری احمد علی راجپوت کا تعارف کھلاڑیوں سے کروایا ، راشد ربانی نے میچ کے انعقاد کو سراہتے ہوئے مستقبل میں اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا، قومی کھیل کے فروغ کیلئے کراچی ہاکی ایسو سی ایشن کی کوششیں قابل ستائش ہیں میرے بڑے بھائی مشیر ربانی بھی ماضی میں ہاکی سے وابستہ رہے میچ کے انعقاد سے انکی یادیں تازہ ہوگئیں، نمائشی میچ میں اولمپیئن کامران اشرف، اولمپیئن قمر ابراہیم، محمد علی، اولمپیئن ناصر احمد، صفدر عباس، عارف بھوپالی، جان محمد، عارف صدیقی، اشعر قدوائی، اشتیاق مبین، سرفرازاحمد، زاہد غفار، مبشر مختار، سبطین رضا، سمیت متعدد سابق انٹرنیشنل کھلاڑیوں نے شرکت کی، جبکہ سرسید یونیورسٹی کنوینئیر انجینئر انورعلی، طارق خان ، ضیاء السلام، محمد اشتیاق، طلعت محمود، محمد علی جعفری،تسنیم عثمانی، غلام محمد، عارف حفیظ، عارف وحید، شکیل یامین کانگا، عمر شاہین، جاوید اقبال، بدیع الزماں اور دیگر بھی موجود تھے۔

error: Content is protected !!