بنگلور(سپورٹس لنک رپورٹ)بھارت نے باؤلرز کی شاندار کارکردگی کی بدولت پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والی افغانستان کی ٹیم کو میچ کے دوسرے ہی دن اننگز اور 262 رنز سے شکست دے دی۔بنگلور میں کھیلے گئے میچ کے دوسرے دن بھارت نے 347 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ سے اپنی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو ہردک پانڈیا اور روی چندرن ایشون وکٹ پر موجود تھے۔پانڈیا نے ٹیل اینڈرز کے ہمراہ شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کے مجموعے میں مزید 100 رنز سے زائد جوڑ کر افغانستان کی مشکلات میں اضافہ کردیا۔پانڈیا نے 10 چوکوں کی مدد سے 71 رنز کی اننگز کھیلی جس کی بدولت بھارت نے پہلی اننگز میں 474 رنز کا مجمموعہ اسکور بورڈ کی زینت بنایا۔افغانستان کی ٹیم ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پہلی اننگز میں بدترین ناکامی سے دوچار ہوئی اور کوئی بھی کھلاڑی بھارتی باؤرلز کا ڈٹ کر مقابلہ نہ کر سکا۔محمد شہزاد نے 3 چوکے لگا کر جارحانہ انداز دکھایا لیکن وہ رن آؤٹ ہو کر ٹیم کو دباؤ کا شکار کر گئے جس سے افغانستان کی ٹیم پہلی اننگز کے بعد دوسری اننگز میں بھی نہ سنبھل نہ سکی۔افغانستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 28 اوورز سے قبل ہی 109 رنز بنا کر ڈھیر ہو کر فالو آن کا شکار ہو گئی۔افغان آل راؤنڈر محمد نبی 24 رنز کے ساتھ سب سے کامیاب بلے باز رہے جبکہ مجیب الرحمان نے 15 اور رحمت شاہ اور محمد شہزاد نے بالترتیب 14، 14 رنز بنائے۔بھارت کی جانب سے ایشون 4 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ ایشانت شرما اور رویندرا جدیجا نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔فالو آن کے بعد دوسری اننگز میں معاملہ کچھ مختلف نہ تھا اور امید یادو کے عمدہ ابتدائی اسپیل کے سبب افغان ٹیم صرف 24 رنز پر 4وکٹوں سے محروم ہو گئی تھی۔حمشت اللہ شاہدی اور کپتان اصغر استنکزئی نے پانچویں وکٹ کے لیے 37رنز کی شراکت قائم کر کے وکٹیں گرنے کے سلسلے کو کچھ دیر کے لیے روک دیا لیکن رویندرا جدیجا نے اس شراکت کا خاتمہ کر کے افغانستان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔اس کے بعد جدیجا کی عمدہ باؤلنگ کے سامنے افغانستان کی بقیہ یٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم صرف 103 رنز پر ڈھیر ہو کر میچ کے دوسرے ہی دن شکست سے دوچار ہو گئی۔بھارت نے افغانستان کو باآسانی اننگز اور 62 رنز سے شکست دے کر سیریز بھی اپنے نام کر لی۔بھارت کی جانب سے میچ کی دوسری اننگز میں رویندرا جدیجا نے 4 اور امیش یادو نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔میچ کے پہلے دن کھانے کے وقفے سے قبل سنچری بنانے والے بھارتی بلے باز شیکھر دھاون کو میچ کا ہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔