بھارتی کرکٹ ٹیم طویل دورے کیلئے انگلینڈ پہنچ گئی


لندن(سپورٹس لنک رپورٹ) بھارتی کرکٹ ٹیم ویرات کوہلی کی قیادت میں جیت کا عزم لئے طویل دورے کیلئے انگلینڈ پہنچ گئی، مہمان ٹیم 81 روزہ دورے کے دوران آئرلینڈ کے خلاف دو ٹی ٹونٹی میچوں سمیت انگلینڈ کے خلاف تین ٹی ٹونٹی، تین ون ڈے اور پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ بھارتی ٹیم کے قائد کوہلی نے کہا کہ ہماری ٹیم مشکل دورے کیلئے تیار ہے، 2013ء میں دورہ انگلینڈ کے دوران ٹیم کی ناقص کارکردگی ماضی کا حصہ بن چکی، اس بار بہتر کھیل پیش کر کے فتوحات حاصل کرنے کیلئے پر جوش ہیں، انہوں نے کہا کہ اگر ٹیم میں مومینٹم ہو تو کھلاڑی کسی بھی کنڈیشن میں اچھا پرفارم کر سکتے ہیں، امید ہے کہ کھلاڑی کھیل کے تینوں شعبوں میں عمدہ پرفارم کر کے ٹیم کو فتوحات دلانے میں کردار ادا کریں گے۔ بھارتی ٹیم 27 جون کو آئرلینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی میچ سے دورے کا آغاز کرے گی، دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹی ٹونٹی میچ 29 جون کو کھیلا جائے گا، اس کے بعد بھارتی ٹیم واپس انگلینڈ آئے گی، بھارت اور انگلینڈ کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کا پہلا میچ 3 جولائی، دوسرا میچ 6 جولائی جبکہ تیسرا اور آخری میچ 8 جولائی کو کھیلا جائے گا، دونوں ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 12 جولائی، دوسرا میچ 14 جولائی جبکہ تیسرا اور آخری میچ 17 جولائی کو کھیلا جائے گا، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ یکم سے 5 اگست، دوسرا ٹیسٹ 9 سے 13 اگست، تیسرا ٹیسٹ 18 سے 22 اگست، چوتھا ٹیسٹ 30 اگست سے 3 ستمبر جبکہ پانچواں اور آخری ٹیسٹ 7 11 ستمبر تک کھیلا جائے گا۔

error: Content is protected !!