انگلینڈ کا آسٹریلیا کے خلاف ایک روزہ سیریز میں کلین سوئپ

مانچسٹر(سپورٹس لنک رپورٹ)انگلینڈ نے جوز بٹلر کے شاندار 110 رنز کی بدولت آسٹریلیا کو ایک روزہ سیریز کے پانچویں اور آخری میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دے کر کلین سوئپ کردیا۔مانچسٹر میں کھیلے گئے پانچویں ایک روزہ میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ایک اچھے آغاز کے باوجود درست ثابت نہ ہوا۔آسٹریلیا کے دونوں اوپنر ایرون فنچ اور ٹریویس ہیڈ نے ابتدائی 6 اوورز میں جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور پہلی وکٹ 60 رنز پر گری جب فنچ 22 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔معین علی نے بہترین باولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے فنچ کو آوٹ کرنے کے بعد اسٹونین کو صفر اور شان مارش کو 8 رنز پر آوٹ کردیا جس کے بعد لیام پلنکیٹ نے 56 رنز کی انفرادی اننگز کھیلنے والے ٹریویس ہیڈ کو بھی پویلین بھیج دیا۔آسٹریلوی کپتان ٹم پین نے ایک رن کا اضافہ کیا جس کے بعد بٹلر نے انھیں رن آوٹ کردیا تو 5 وکٹیں صرف 100 رنز پر گر چکی تھیں تاہم شورٹ نے 47 اور الیکس کیری نے 44 رنز کی اننگز کھیل کو آسٹریلیا کے اسکور کی حد 200 سے عبور کر دی۔آسٹریلیا کی پوری ٹیم 35 ویں اوور میں 205 رنز بنا کر آوٹ ہوئی۔انگلینڈ کی جانب سے معین علی نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کیں۔میزبان کی ٹیم کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے ایک آسان ہدف کا تعاقب مایوس کن تھا، جیسن روئے ایک رن اور جونی بیئراسٹو 12 رنز بنا کر آوٹ ہوئے جس کے بعد 50 کے اسکور پر انگلینڈ کے 5 بلے باز پویلین لوٹ گئے۔ایک مشکل وقت میں جوز بٹلر نے ذمہ داری سنبھالی اور ایک طرف سے رنز بھی بنائے اور ٹیم کو فتح کے قریب کردیا۔معین علی نے 16، کیوران نے 15 اور عادل رشید نے 20 رنز بنا کر جوز بٹلر کا ساتھ دیا تاہم عادل رشید اس وقت آوٹ ہوئے جب ٹیم کو جیت کے لیے صرف 10 رنز درکار تھے لیکن آخری آنے والے بلے باز جے ٹی بال نے ایک رن بنایا اور آوٹ نہیں ہوئے۔انگلینڈ نے مقررہ ہدف 49 ویں اوور کی تیسری گیند پر 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے سیریز میں پانچ صفر سے کامیابی حاصل کرلی۔ جوز بٹلر نے ناقابل شکست 110 رنز بنائے۔آسٹریلیا کے اسٹین لیک اور رچرڈسن نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔جوز بٹلر کو میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔یاد رہے کہ انگلینڈ اس سیریز میں ایک روزہ میچ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا نیا عالمی ریکارڈ بنا دیا تھا۔

error: Content is protected !!