رومیلو لوکاکو کی‘‘گولڈن بوٹ’’کے حقیقی امیدواروں میں شمولیت

ماسکو(سپورٹس لنک رپورٹ)بلجیم کے رومیلو لوکاکو بھی ‘‘گولڈن بوٹ’’کے حقیقی امیدواروں میں شامل ہو گئے ہیں جنہوں نے تیونس کیخلاف دو کامیاب کاوشوں کی بدولت اپنے گولز کی تعداد چار تک پہنچا دی لیکن ان کی انگلینڈ کیخلاف 28 جون کو آخری گروپ میچ میں شرکت مشکوک ہے کیونکہ وہ ساتھی پلیئرز ایڈن ہیزرڈ اور ڈریزمیرٹینزکی طرح انجریزمیں مبتلا ہو گئے ہیں۔ واضح رہے کہ پاناما کیخلاف گروپ کے پہلے معرکے میں بھی رومیلو لوکاکو نے دو گولز کر کے اپنی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار نبھایا تھا البتہ انہیں اپنی ٹیم کے کپتان ایڈن ہیزرڈ کی جانب سے ٹوئٹر پر یہ طعنہ سننے کو ملا تھا کہ انہوں نے بلجیم کو پس پشت ڈالتے ہوئے اپنے انفرادی کھیل پر توجہ مرکوز رکھی کیونکہ وہ گولڈن بوٹ کی دوڑ میں شامل ہونا چاہتے ہیں۔ لوکاکو کیلئے یہ تبصرہ ناقابل برداشت تھا جنہوں نے لیگل ایکشن کا عندیہ دے ڈالا جس پر ایڈن ہیزرڈ کو اپنے الفاظ چبانا پڑے اور انہوں نے ساتھی کھلاڑی پر منفی تبصرے سے دستبرداری اختیار کرلی۔گزشتہ روز تیونس کیخلاف میچ کے دوران رومیلو لوکاکو نے ایک مرتبہ پھر دو گولز بنا کر خود کو رواں میگا ایونٹ کے ٹاپ اسکورر پرتگال کے کرسچیانو رونالڈو کے برابر پہنچا دیا جو چار گولز کی بدولت گولڈن بوٹ کی دوڑ میں آگے تھے۔ واضح رہے کہ عالمی کپ 1986ء میں ارجنٹائن کے ڈیگو میراڈونا کے بعد یہ دوسرا موقع ہے کہ کسی کھلاڑی نے ورلڈ کپ کے دو مسلسل مین راؤنڈ میچوں میں گولز کی جوڑی بنائی اور رومیلو لوکاکو اس کارنامے کی بدولت گولڈن بوٹ کے حقیقی امیدواروں میں شامل ہو گئے ہیں۔

error: Content is protected !!