ماسکو (سپورٹس لنک رپورٹ) ارجنٹینا کی ورلڈ کپ مہم مشکل میں ہے۔ اسے اگلے میچ میں نائجیریا کو لازمی ہراکر دعا کرنی ہے کہ آئس لینڈ کی ٹیم کروشیا کو زیر نہ کرلے، ایسی صورت میں وہ گروپ میں دوسری پوزیشن کے ساتھ اگلے رائونڈ میں پہنچے گی۔ تاہم ٹیم کیمپ سے اچھی خبریں نہیں آرہیں۔ منیجر جورج سمپائولی کے اختیارات کم کردیے گئے ہیں ۔ وہ اگلے میچ کیلئے ٹیم کا انتخاب نہیں کرسکیں گے۔ یہ فیصلہ خود سینئر کھلاڑیوں کا ہوگا۔ انگلش میڈیا مطابق منیجر اور سپر اسٹار لیونل میسی کے درمیان کسی حد تک سردمہری پائی جاتی ہے۔ اتوار کو ٹریننگ سیشن کے آغاز پر سمپائولی نے میسی کو ان کی 31 ویں سالگرہ کی مبارکباد تو دی لیکن اس کے بعد دونوں میں مزید بات چیت نہیں ہوئی۔ ارجنٹائن فٹبال ایسوسی ایشن کے سربراہ نے کہا ہے کہ منگل کو افریقی حریف کے خلاف میچ کیلئے میسی اور جیویئر جیسے سینئرز کی مشاورت سے پلیئنگ ٹیم تشکیل دی جائے گی۔ خیال رہے کہ آئس لینڈ کے خلاف ایک ایک سے ڈرا اور کروشیا کے ہاتھوں تین گول سے شکست کے بعد 1986 کی عالمی چیمپئن ٹیم کو سخت مسائل کا سامنا ہے۔ تاہم میسی نے کہا ہے کہ میں اپنے ملک کو ورلڈ کپ دیے بغیر ریٹائر نہیں ہونا چاہتا۔یہ میرا خواب ہے۔