کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ )سابق اسٹار بیٹسمین جاوید میانداد نے پاک بھارت سیریز کیلئے آوازاٹھا دی۔جاوید میانداد نے پاکستان کرکٹ بورڈ اور بی سی سی آئی سے سوال کیاکہ جب دونوں ہمسایہ ممالک ورلڈ ایونٹس میں ایک دوسرے کے خلاف سامنے آجاتے ہیں تو پھر باہمی سیریز کیوں نہیں کھیلتے۔ سرکاری خبررساں ادارے سے بات چیت میں سابق قومی کپتان نے کہا کہ میرے لیے یہ بات ناقابل فہم ہے کہ ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف میدان میں اترجاتی ہیں لیکن باہمی سیریز کا انعقاد نہیں ہوپاتا۔1975 سے 1996 تک پاکستان کیلئے ٹیسٹ اور ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں رنز کے انبار لگانے والے جاوید میانداد نے مزید کہا کہ ورلڈایونٹس، چیمپئنز ٹرافی، ورلڈ ٹوئنٹی 20 اور ایشیا کپ میں پاک، بھارت ٹاکرے ہوجاتے ہیں تو پھر باہمی سیریز کا انعقاد کیونکر نہیں ہورہا، انھوں نے کہا کہ جتنا دونوں ممالک کی ٹیمیں ایک دوسرے کے ساتھ کھیلیں گی دونوں ممالک کے تعلقات بھی بہتر ہوتے جائیں گے، انھوں نے مزید کہا کہ سیاستدانوں کو اس معاملے پر سیاست چمکانا روک دینا چاہیے۔