پہلا ٹیسٹ،بنگلہ دیش 43رنز پر ڈھیر

نارتھ سائونڈ(سپورٹس لنک رپورٹ)بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کی پہلی اننگز میں اپنی تاریخ کے کم ترین اسکور صرف43 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔نارتھ ساؤنڈ میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر نے ٹاس جیت کر مہمان بنگلہ دیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو کیمار روچ کی تباہ کن باؤلنگ کے نتیجے میں مہمان ٹیم پہلی اننگز میں شدید بحران کا شکار ہوئی۔کیماروچ نے بنگلہ دیش کے ابتدائی 5 بلے بازوں کو پویلین بھیج دیا جبکہ میگل کمنز اور جیسن ہولڈر نے آخری 5 وکٹیں حاصل کر کے بنگلہ دیش کی پوری ٹیم کو کھانے کے وقفے سے قبل ہی 18.4 اوورز میں 43 رنز بنا کر آؤٹ کر دیا۔مشفق الرحیم، شکیب الحسن، محموداللہ اور قمرالاسلام سمیت بنگلہ دیش کے 10 بلے باز دوہرا ہندسہ بھی عبور کرنے میں ناکام رہے۔بنگلہ دیش کی جانب سے لیتن داس واحد بلے باز تھے جنھوں نے 25 رنز بنائے تاہم انھیں کمنز نے آؤٹ کیا۔خیال رہے کہ بنگلہ دیش کی جانب سے ایک اننگز میں 43 رنز ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں کسی بھی ایشیائی ٹیم کا دوسرا کم ترین سکور ہے۔اس سے قبل بھارتی ٹیم 1974میں انگلینڈ کے خلاف لارڈ زٹیسٹ میں 42 رنز پر آؤٹ ہوئی تھی۔ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ایک اننگز میں کم ترین سکور کا منفی ریکارڈ نیوزی لینڈ کے پاس ہے جو 1955 میں انگلینڈ کے خلاف بنا جب آکلینڈ ٹیسٹ کی ایک اننگز میں کیوی ٹیم صرف 26 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی۔

error: Content is protected !!