انگلش کرکٹ ٹیم اکتوبر میں سری لنکا کا دورہ کرے گی


لندن(سپورٹس لنک رپورٹ)انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم رواں برس اکتوبر میں سری لنکا کا دورہ کرے گی ، دورے کے دوران انگلش ٹیم میزبان ٹیم کے خلاف تین ٹیسٹ، پانچ ایک روزہ اور واحد ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کھیلے گی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق انگلش ٹیم 11 برس بعد سری لنکا کے خلاف اس کی سرزمین پر تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی، انگلینڈ نے اس سے قبل 2007 میں سری لنکا میں تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے تھی، 2012 میں دونوں ٹیموں کے درمیان آئس لینڈ میں دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی گئی تھی جو 1-1 سے برابری پر ختم ہوئی تھی۔انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی طرف سے جاری کردہ شیڈول کے تحت انگلش ٹیم 10 اکتوبر کو پہلے ون ڈے میچ سے دورہ سری لنکا کا آغاز کریگی ، دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ون ڈے 13 اکتوبر، تیسرا ون ڈے 17 اکتوبر، چوتھا ون ڈے 20 اکتوبر ، پانچواں اور آخری ون ڈے 23 اکتوبر کو کھیلا جائے گا، 27 اکتوبر کو دونوں ٹیمیں واحد ٹی ٹونٹی میچ میں مدمقابل ہوں گی، دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 6 سے 10 نومبر تک گال، دوسرا ٹیسٹ 14 سے 18 نومبر تک پالے کیلی جبکہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ 23 سے 27 نومبر تک کھیلا جائے گا۔

error: Content is protected !!