ومبلڈن اوپن،سیمونا ہیلپ کا قصہ تمام

لندن(سپورٹس لنک رپورٹ) سال کے تیسرے گرینڈ سلیم ٹینس ٹورنامنٹ ومبلڈن اوپن میں اپ سیٹ کا سلسلہ جاری ہے اور خواتین میں ٹاپ سیڈ سیمونا ہیلپ تیسرے راؤنڈ میں شکست کھا کر ایونٹ سے باہر ہو گئی ہیں جبکہ رافیل نڈال، جان مارٹن ڈیل پوٹرو اور جائلز سیمن فتوحات برقرار رکھتے ہوئے مینز سنگلز پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔لندن میں جاری سال کے تیسرے گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ کے سلسلے میں ہفتہ کو کھیلے گئے تیسرے راؤنڈ کے میچز میں عالمی نمبر ایک اسپین کے اسٹار رافیل نڈال نے کامیابیوں کا سلسہ جاری رکھا۔نڈال نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف آسٹریلین کھلاڑی ایلکس ڈی مینار کو 1-6، 2-6 اور 4-6 سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔ارجنٹائن کے جان مارٹن ڈیل پوٹرو بھی تیسری آزمائش میں سرخرو رہے اور انہوں نے فرانس کے بینوئٹ پیئر کو شکست کر کامیابی اپنے نام کی جبکہ فرانس کے جائلز سیمن نے ایبدین کو ہرا کر چوتھے راؤنڈ میں جگہ بنا لی۔خواتین کے مقابلوں میں اپ سیٹ کا سلسلہ جاری رہا اور ٹاپ سیڈ سیمونا ہیلپ ایونٹ کے تیسرے راؤنڈ میں شکست کھا کر باہر ہو گئی ہیں۔ویمنز سنگلز کے تیسرے راؤنڈ میچ میں تائیوان کی کھلاڑی سائی سو وائی نے رومانیہ کی عالمی نمبر ایک سیمونا ہیلپ کو سخت مقابلے کے بعد 3-6، 4-6 اور 5-7 سے زیر کر کے ایونٹ سے باہر کر دیا۔جلینا اوسٹا پینکو نے دیا شینکو کو ہرا کر پری کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا جبکہ ساسنووچ نے گوریلووا کو شکست دے کر چوتھے راؤنڈ میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

error: Content is protected !!