پاکستانی کرکٹرزنے ون ڈے سیریز کی تیاری شروع کردی

ہرارے (سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستانی کرکٹ ٹیم نے منگل کو زمبابوے کے شہر ہرارے میں پانچ میچوں کی ون ڈے سیریز کے لئے پریکٹس سیشن میں حصہ لیا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بولاوایو میں ہوٹل بکنگ کا تنازع ختم ہوگیا ہے اور پاکستانی ٹیم اب جمعرات کو ہرارے سے بولاوایو جائے گی۔ جمعے کو پہلا ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عین موقع پر بولاوائیو سے اطلاع آئی کہ ادائیگی نہ ہونے کی وجہ سے ہوٹل نے بکنگ منسوخ کردی تھی۔ تاہم زمبابوے کرکٹ نے منگل کو مسئلہ حل کر لیا۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کا سامان سڑک کے راستے بولا وایو روانہ کردیا گیا تھا لیکن سامان واپس آگیا جس کے بعد کھلاڑیوں نے پریکٹس کی۔ پاکستان ٹیم کے سیکیورٹی آفیسر کرنل (ر) اعظم اور انالسٹ طلحہ بھی سڑک کے راستے بولا وایو روانہ ہوگئے تھے دونوں بدستور بولاوایو میں ہیں۔ پاکستان ٹیم کو جوائن کرنے کے لیے بابر اعظم، امام الحق، یاسر شاہ اور جنید خان ہرارے پہنچ گئے ہیں جبکہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد شاہین شاہ آفریدی، حسین طلعت اور صاحبزادہ فرحان وطن واپس آگئےہیں۔ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان پانچ ون ڈے میچز 13، 16، 18، 20 اور 22 جولائی کو کھیلے جانے ہیں۔ پاکستانی ٹیم کا کہنا ہے کہ ہوٹل بکنگ کا معاملہ خوش اسلوبی سے حل ہونے کے بعد ٹیم اب جمعرات کو جہاز کے ذریعے روانہ ہوگی۔

error: Content is protected !!