ایشین گیمز،قومی ہاکی کھلاڑیوں نے بائیکاٹ کی دھمکی دیدی


کراچی: (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کے گھروں کے چولھے ٹھنڈے پڑنے لگے، کھلاڑی تا حال ڈیلی الاؤنس اور معاوضوں سے محروم ہیں۔تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کی معاشی حالت ناگفتہ بہ ہوگئی، حکومت کے بعد پاکستان ہاکی فیڈریشن نے بھی آنکھیں پھیر لیں۔ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کو نہ ڈیلی الاؤنس ملا ہے نہ ہی ان کے معاوضے مل رہے ہیں، ایشین گیمز کے لیے تربیتی کیمپ میں شامل کھلاڑیوں نے بائیکاٹ کی دھمکی دے دی۔خیال رہے کہ پاکستان ٹیم کے کھلاڑی کئی سال سے سینٹرل کنٹریکٹ سے محروم ہیں، ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد حکومت نے پی ایچ ایف کی گرانٹ روک لی تھی۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کی انتظامیہ معاملات کو سلجھانے کے لیے حکمت عملی ترتیب دے رہی ہے، تاہم وہ کھلاڑیوں کے معاوضوں سے متعلق سنجیدہ دکھائی نہیں دے رہی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں میں بغاوت کو روکنے کے لیے کھلاڑیوں کے مسائل حل کرنے کی بہ جائے مقامی کوچز اور اولمپئنز کی خدمات لینے پر غور کیا جا رہا ہے۔ذرائع نے سوال اٹھایا ہے کہ اگر ہاکی فیڈریشن کے پاس فنڈز نہیں تھے تو ڈیولپمنٹ اسکواڈ کو کینیڈا کیوں اور کیسے بھیجا گیا؟واضح رہے کہ اٹھارویں ایشین گیمز آئندہ ماہ انڈونیشیا میں 18 اگست سے منعقد ہوں گے جو جکارتہ اور پالمبنگ میں 2 ستمبر تک جاری رہیں گے۔

error: Content is protected !!