انٹر ڈسٹرکٹ انڈر 16بوائز چیمپئن شپ ،، دوسرے روز لاہور کے کھلاڑی چھائے رہے


لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)۔سیکرٹری سپورٹس پنجاب ایوب چودھری کی ہدایت پر سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام ’’سرسبز اور صحتمند پنجاب‘‘ کے سلوگن کے ساتھ لاہور ڈویژن انٹر ڈسٹرکٹ انڈر 16بوائز چیمپئن شپ کے مقابلے بدھ کو دوسرے روز بھی جاری رہے، لاہور ڈسٹرکٹ کے کھلاڑی چھائے رہے ، چیمپئن شپ کے دوسر ے روز ٹیبل ٹینس کے مقابلوں میں لاہور اور شیخوپورہ فاتح رہے، لاہور ڈسٹرکٹ کی ٹیم نے ننکانہ صاحب ڈسٹرکٹ کی ٹیم کو 3-0 سے شکست دی، لاہور کے تیمور خان، محمد حسن اور عبداللہ نے ننکانہ صاحب کے ارمغان، شہزاد اور عبدالواحد کو ہرایا

دوسرے مقابلے میں شیخوپورہ ڈسٹرکٹ نے قصور ڈسٹرکٹ کو 3-1سے مات دی،بیڈ منٹن کے مقابلے میں بھی لاہور نے ننکانہ صاحب کو 2-0 سے شکست دی، لاہور کے سعد نے ننکانہ صاحب کے احسن کو سنگل میچ میں 21-9 اور 21-7سے ہرایا، ڈبلز کے میچ میں لاہور کے سعد اور عثمان نے ننکانہ صاحب کے احسن اور ہاشم کو 21-12, 21-10 سے مات دی،دوسرے میچ میں شیخوپورہ نے قصور کو وائٹ واش کردیا اور 2-0سے فتح حاصل کی، سنگل کے مقابلے میں شیخوپورہ کے زبیر نے قصور کے ساحل کو 21-7 ، 21-18سے ہرایا، ڈبلز کے مقابلے میں شیخوپورہ کے زبیر اور عثمان نے قصور کے کامران اور سعد کو 21-9 ،21-8 سے ہرایا، ہاکی کے مقابلے میں قصور نے شیخوپورہ کو ایک صفر سے شکست دیدی

تائیکوانڈو کے مقابلوں میں لاہور کے کھلاڑیوں نے8 میں سے 6 مقابلوں میں پہلی پوزیشن حاصل کی، لاہور کے فیضان نے 48، زبیرآصف نے51،جہانزیب آصف نے 59، جواد احمد نے 63، فریدالحسن نے68 اور ذیشان علی 73 کلوگرام کیٹیگریز کے مقابلوں میں پہلی پوزیشن حاصل کی، 45کلوگرام کیٹیگری میں شیخوپورہ کے احمد یاسین اور 55 کلوگرام میں بھی شیخوپورہ کے محمد علی نے میدان مار لیا، فٹ بال کے میچ میں لاہور نے قصور کو 7-1کو شکست دی، لاہور فٹ بال اکیڈمی جوہر ٹائون میں ہونے والے میچ میں لاہور کے ہارون ظفر نے 4،محمد بلال نے دو اور قاسم نے ایک گول کیا، قصور کے عثمان نے ایک گول کیا، ہاکی کے میچ میں بھی لاہور کی ٹیم چھائی رہی اور قصور کو 6-0سے ہرادیا، منی ہاکی سٹیڈیم میں ہونیوالے میچ میں حسیب نے تین، مرتضیٰ نے دو اور عبدالمنان نے ایک گول کیا۔

error: Content is protected !!