صرف 17ویں میچ میں ڈبل سنچری،،فخر زمان کا بڑا کارنامہ

بلاوایو(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے فخر زمان ٹھیک 13 ماہ بعد ایک مرتبہ پھر شہ سرخیوں میں آگئے۔ 18 جون 2017کو چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت کے خلاف دھواں دھار سنچری اسکور کرکے راتوں رات شہرت کی بلندیوں پر فائز ہونے والے لیفٹ ہینڈڈ بیٹسمین نے گزشتہ روز پاکستان کرکٹ کے لئے وہ کارنامہ سر انجام دیدیا جو بڑے سے بڑا بیٹسمین بھی نہ دے سکا، سعید انور کے 194 رنز کو کراس کرتے ہوئے فخر زمان ڈبل سنچری کلب میں پہنچنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بن گئے۔ کیریئر کے 17ویں ایک روزہ انٹر نیشنل میچ میں ہی اس معراج پر پہنچ جانا در اصل اب تک کے ڈبل سنچری میکر سے آگے بڑھ جانے کے مترادف ہے۔463 ون ڈے کھیلنے والے سچن ٹنڈولکر جنہوں نے ون ڈے کی پہلی ڈبل سنچری 2010 میں اپنے کیریئر کے آغاز کے 22 ویں سال میں بنائی،2007 سے اپناکھاتہ کھول کر اب تک 3 ڈبل سنچریز کرنے والے بھارتی روہت شرما بھی اپنی پہلی ڈبل سنچری 6 سال بعد کرسکے،اسی طرح کرس گیل، مارٹن گپٹل اور وریندر سہواگ بھی ون ڈے میچوں میں کندن بننے کے بعد اس فگر تک پہنچ سکے۔ مگر یہ فخر زمان پہلے ایسے انٹر نیشنل کھلاڑی ہیں جنہوں نے صرف 17 ویں میچ میں یہ سنگ میل عبور کرلیا ۔ 10 اپریل 1990 مردان ڈسٹرکٹ میں پیدا ہونے والے فخر زمان کراچی میں 16 سال کی عمر میں داخل ہوئے اور 2007 میں وہ پاکستان نیوی میں ایک ملاح کے طور پر بھرتی ہوئے۔ ریجنل کرکٹ، پاکستان کپ اور قائد اعظم ٹرافی میں شاندار کارکردگی نے انہیں 2017 میں پاکستان سپر لیگ کے لئے لاہور قلندرز میں جانے کا موقع فراہم کردیا، مارچ 2017 میں دورہ ویسٹ انڈیز کے لئے قومی کرکٹ ٹیم میں آن پہنچے ٹی20 میں ڈیبیو کرتے ہی انہیں چیمپئنز ٹرافی اسکواڈ میں جگہ ملی اور پھر ان کا ون ڈے ڈیبیو بھی اسی ایونٹ میں جنوبی افریقا جیسی بڑی ٹیم کے خلاف 31 رنز کے ساتھ ہوا اور پھر اس ایونٹ فائنل میں ناقابل یقین اننگز کھیل کر سب کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا۔ 17 میچوں میں 980 رنز بنانے والے فخر 22 ٹی20 انٹر نیشنل میچز میں 646 رنز کرچکے ہیں۔ وہ تاحال ٹیسٹ ڈیبیو کے منتظر ہیں۔ فرسٹ کلاس کیریئر میں 37 میچوں میں 2389 رنز اور 70 ٹی20 میچز میں 1900 رنز متاثرکن پرفارمنس ہے ۔

error: Content is protected !!