ٹی ٹین کرکٹ لیگ میں آٹھ پاکستانی کھلاڑی شرکت کرینگے

دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ)رواں برس کے آخرمیں شیڈول ٹی ٹین کرکٹ لیگ میں شاہد آفریدی، شعیب ملک، محمد حفیظ اور کامران اکمل سمیت آٹھ پاکستانی کھلاڑی شرکت کریں گے ۔تفصیلات کے مطابق دسمبر میں کھیلے جانے والے ایونٹ میں آٹھ ٹیمیں ٹائٹل کیلئے پنجہ آزمائی کریں گی۔ دبئی میں ہونے والی منی ڈرافٹنگ تقریب میں فرنچائز مالکان نے آئیکون کھلاڑیوں کے انتخاب کے علاوہ گزشتہ سکواڈز سے چار کھلاڑیوں کو برقرار رکھا تاہم مین ڈرافٹنگ کا عمل دو ستمبر کو ہوگا جس میں ایونٹ کی شریک ٹیمیں اپنے گیارہ،گیارہ کھلاڑی منتخب کریں گی۔واضح رہے کہ پختونز نے شاہد آفریدی، پنجابی لیجنڈز نے آئن مورگن اور کیرالہ کنگز نے شعیب ملک کو سکواڈ میں برقرار رکھا تاہم سابق ویسٹ انڈین کپتان ڈیرن سیمی نے بنگال ٹائیگرز کے بجائے ناردرن واریئرز میں شمولیت اختیار کرلی ہے جبکہ کامران اکمل مراٹھا عربینز، محمد عرفان پختونز، آصف علی بنگال ٹائیگرز، سہیل تنویر کیرالہ کنگز، محمد حفیظ راجپوتس اور وہاب ریاض ناردرن واریئرز کی طرف سے اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے ۔ذرائع کے مطابق رواں سال افغانستان کے لیگ سپنر راشد خان، کینگرو بیٹسمین کرس لائن، کیوی بیٹسمین برینڈن میک کولم اور ویسٹ انڈیز کے جارح مزاج بیٹسمین آندرے رسل بھی لیگ کا حصہ ہوں گے ۔ افغان لیگ سپنر راشد خان ٹی ٹین کرکٹ لیگ میں مراٹھا عربینز کی نمائندگی کریں گے ۔

error: Content is protected !!