وومن آرچری چیمئپن شپ ، فرح عباسی اور سعدیہ نے سونے کے تمغے جیت لئے


لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)سپورٹس بورڈ پنجاب کے تعاون اور پنجاب آرچری ایسوسی ایشن کے زیراہتمام وومن آرچری چیمپئن شپ اختتام پذیر ہوگئی، چیمپئن شپ کے آخری روز 30 میٹر کے مقابلے میں بہاولپور کی فرح عباسی نے گولڈ، جھنگ کی اقراء نے سلور اور لاہور کی فلزا نے برانز میڈل جیتا، 70میٹر کے تیر اندازی کے مقابلے میں جھنگ کی سعدیہ نے سونے، جھنگ ہی کی صائمہ نے چاندی اور لاہور کی سارہ دلشاد نے کانسی کے تمغے حاصل کئے۔ چیمپئن شپ کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی تھے اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر طارق وٹو، ڈویژنل سپورٹس آفیسر ملتان رانا ندیم انجم، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ظہور احمد، سیکرٹری پنجاب آرچری ایسوسی ایشن منظر فرید شاہ اور شائقین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی

چیمپئن شپ کے اختتامی روز کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور داد وصول کی، مہمان خصوصی ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی نے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وومن آرچری چیمپئن شپ میں خواتین کھلاڑیوں کی بھرپور شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ خواتین کسی میدان میں پیچھے نہیں ہیں، وومن آرچری چیمپئن شپ کا انعقاد خوش آئندہے جس میں کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بھرپور موقع ملا ہے

چیمپئن شپ کے انعقاد سے آرچری کے کھیل کو مزید فروغ ملے گا اور خواتین کے کھیل میں بہتری آئیگی، سپورٹس بورڈ پنجاب سیکرٹری سپورٹس پنجاب ایوب چودھری کی ہدایت کے مطابق صوبہ بھر میں سپورٹس کے فروغ کے لئے اہم اقدامات کررہا ہے، نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنے کیلئے سپورٹس ایونٹس منعقد کرائے جاتے ہیں جن میں ان کو بہترین سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں، ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر طارق وٹو، ڈویژنل سپورٹس آفیسرملتان رانا ندیم انجم نے کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے

اس موقع پر پنجاب آرچری ایسوسی ایشن کے سیکرٹر ی منظر فرید شاہ نے چیمپئن شپ منعقد کرانے میں تعاون پر سپورٹس بورڈ پنجاب کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مقابلوں کے انعقاد سے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے اور ہمیں بہترین سہولتیں بھی فراہم کی گئی ہیں ، مستقبل میں بھی سپورٹس بورڈ پنجاب کے تعاون سے مزید ایونٹس منعقد کرائیں گے۔

error: Content is protected !!