سیون اے سائیڈ ورلڈ کپ کیلئے پاکستان ٹیم اور کوچ کے ناموں کا اعلان

کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) لیثررلیگس پاکستان نے پُرتگال کے شہر لسبن میں 23تا29ستمبر 2018ہونے والے سیون اے سائیڈ ورلڈ کپ کیلئے پاکستان ٹیم اور ہیڈ کوچ کے ناموں کا اعلان کردیا۔دو بارکے سیف گیمز گولڈ میڈلسٹ پاکستان کے نامور اور سینئر کوچ طارق لطفی کو32ٹیموں پر مشتمل ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کا کوچ مقرر کیا گیا ہے ۔ طارق لطفی کا شمار پاکستان کے آل ٹائم بیسٹ کوچز میں ہوتا ہے جو ماضی میں مین اور وومین نیشنل ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داری نبھاچکے ہیں۔طارق لطفی ماضی میں پی آئی اے فٹبال ٹیم کو بحیثیت کوچ قومی چمپئن بنانے کا متعدد باراعزاز دلاچکے ہیں ۔اور ان دنوں سوئی سدرن گیس میں بحیثیت ہیڈ کوچ اپنی ذمہ داریاں نبھارہے ہیں۔پاکستان کو گروپ ’بی‘ میں رشیا، اسپین اور مالڈوا کے ہمراہ رکھا گیا ہے۔ لیثررلیگس نیشنل چمپئن شپ کی فاتح آئی سی اے ڈبلیو کلب کے 10کھلاڑیوں کے علاوہ دیگر سیمی فائنلسٹ ٹیموں کراچی، کوئٹہ اور پشاور کے بھی ایک ایک کھلاڑی کو پاکستان اسکواڈ کا حصہ بناگیا ہے۔جملہ 14کھلاڑی پاکستان اسکواڈ میں شامل ہونگے۔سیون اے سائیڈ ورلڈ کپ میں ہر ٹیم 14کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل چمپئن آئی سی اے ڈبلہو لاہور کے جملہ 10کھلاڑی جبکہ سیمی فائنل کھیلنے والی کراچی ، پشاور ، کوئٹہ جبکہ کراچی کے گول کیپر سمیر خان جو اسٹریٹ چائلڈ ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز رکھتے ہیں وہ 14ویں کھلاڑی کی حیثیت سے ٹیم کا حصہ ہونگے۔ جنکی شمولیت سے پاکستان ٹیم کو تقویت پہنچے گی۔چیئرمین ورلڈ گروپ محمود ٹرنک والا نے پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں سے ورلڈ کپ میں عمدہ کارکردگی پیش کرنے کی توقع کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ٹیم اپنی صلاحیتوں کو پوری طرح بروئے کار لاتے ہوئے ملک و قوم کا نام روشن کرے گی۔ ورلڈ گروپ جو لیثرر لیگس کو اون کرتا ہے ۔ اس کی کامیابی کیلئے پرعزم ہے۔ سیون اے سائیڈ ورلڈ کپ میں 32ٹیمیں شامل ڈراز کی گئی ہیں۔جنہیں 4,4کے 8گروپ میں تقسیم کیا گیا ہے۔ہر ٹیم سنگل لیگ کی بنیاد پر باہم مقابل ہوگی۔ گروپ میچز کے اختتام پر ہر گروپ کی 2,2ٹاپ ٹیمیں پری کوارٹرفائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی۔ بعدازاں کوارٹر فائنل، سیمی فائنل اور فائنل کھیلے جائیںگے۔ فائنل 29ستمبر کو کھیلا جائے گا۔پاکستان اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا۔ آفاق احمد (کپتان) جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں حافظ محمد ولید، عمر جاوید ،حیدر علی، سعد علی خان، زید محمود، عامر اقبال گوندل،عبدالحنان، زبیح اﷲ وڑائچ ، محمد زبیر، عادل (لاہور) محمد عالمگیر(پشاور)، محمد کاشف (کوئٹہ)، ظفر خان (کراچی) اور سمیر احمدشامل ہیں۔

error: Content is protected !!