سری لنکا ناکامیوں کے بھنور سے نکل آیا،،جنوبی افریقہ کو چوتھے ون ڈے میچ میں شکست


کولمبو (سپورٹس لنک رپورٹ)سری لنکا نے ایک روزہ سیریز کے چوتھے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقہ کو صرف 3 رنز سے شکست دے کر سیریز میں پہلی کامیابی حاصل کرلی۔کینڈی میں کھیلے گئے میچ میں زخمی ڈیوپلیسی کی جگہ جنوبی افریقہ کی کپتانی کرنے والے کوئنٹن ڈی کوک نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔سری لنکا کے بلے بازوں نے اچھی بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور پہلی وکٹ میں نیروشان ڈکویلا اور اپل تھرنگا نے 61 رنز کا اضافہ کیا۔ڈکویلا 34 اور تھرنگا 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، تیسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز مینڈس تھے جنھوں نے 14 رنز بنائے تھے۔سری لنکا نے 16 اوورز میں 3 وکٹوں پر 100 رنز بنائے تھے تاہم کوسل مینڈس نے اپنی نصف سنچری کے ذریعے ٹیم کو بڑے اسکور کی امیدوں کو بحال رکھا اور 51 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔کپتان میتھیوز22 اور ڈی سلوا 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم تھیسارا پریرا اور شناکا نے بالترتیب 51 اور 65 رنز کی انفرادی اننگز کھیلی جس کے باعث ٹیم نے مقررہ 39 اوورز میں 7 وکٹوں پر 306 رنز بنا کرمہمان ٹیم کو ایک مشکل ہدف دے دیا۔خیال رہے کہ کینڈی میں بارش کے باعث کھیل کو 39 اوورز تک محدود کر دیا گیا جس کے بعد میچ کا نتیجہ بھی ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت اخذ کیا گیا۔جنوبی افریقہ نے ہدف کے حصول کاآغاز برق رفتاری سے کیا اور دونوں اوپنرز ڈی کوک اور ہاشم آملہ نے ابتدائی 3 اوورز میں 34 رنز کا اضافہ کیا تاہم قائم مقام کپتان ڈی کوک صرف 23 رنز بنا کرآؤٹ ہوئے۔ہاشم آملہ 6 چوکوں کی مدد سے 40 رنز بنائے، ہینڈرکس 2 اور جے پی ڈومینی 38 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ملر 21 اور مہاراج 17 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے تاہم جنوبی افریقہ کی بیٹنگ شروع ہوتے ہی ایک مرتبہ پھر بارش ہوئی تو میچ کو مزید 21 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔جنوبی افریقہ نے 21 اوورز میں 9 وکٹوں پر 187 رنز بنائے اور صرف 3 رنز کے فرق سے میچ میں شکست کھائی۔جنوبی افریقہ سیریز پہلی ہی مسلسل 3 کامیابیوں کے ساتھ اپنے نام کرچکا ہے۔

error: Content is protected !!