نوٹنگھم (سپورٹس لنک رپورٹ)انگلینڈ اوربھارت کے درمیان جاری تیسرے ٹیسٹ میں بھارتی سورمائوں نے اپنی پوزیشن مستحکم کرتے ہوئے میچ کا رخ اپنی جانب موڑ لیا ہے۔بھارتی ٹیم نے تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے پر انگلش ٹیم کے خلاف اپنی دوسری اننگز 352رنز 7وکٹ پرڈکلیئر کردی اور حریف ٹیم پر 521رنز کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی ۔ناٹنگھم ٹیسٹ میں تیسرے روز بھارت نے اپنی دوسری نامکمل اننگز 124رنز 2 وکٹ پر دوبارہ شروع کی تو کپتان ویرات کوہلی نے اپنی زبردست فارم کو جاری رکھا اور شاندار 103رنز کی اننگز کھیلی جبکہ چتیشور پجارا 72اور ہردیک پانڈیا 52رنز اسکور کرکے نمایاں رہے۔بھارتی بیٹسمینوں نے زبردست کاوش کی بدولت 7 وکٹوں پر 352رنز اسکور کیےاور اننگز ڈکلیئر کردی جس سےانہیں مجموعی طور پر حریف انگلش ٹیم کے خلاف 521رنز کی ریکارڈ برتری حاصل ہوگئی تاہم انگلش بولرز کی جانب سے عادل راشد 3اور بین اسٹوکس 2 وکٹ لے سکے۔بھارت کی جانب سے دی گئی 521رنز کی برتری کو دیکھتے ہوئے ہوم ٹیم کواب اننگز سے شکست کا خطرہ لاحق ہوگیا اورجواب میں کھیل کے اختتام تک اپنی دوسری اننگز میں انگلینڈ نےبغیر کسی نقصان کے 23رنزاسکور کرلیے کک 9 اور جیننگز 13 رنز پر ناقابل شکست ہیں اورمیچ بچانے کے لیے کل چوتھے روز اننگز کا دوبارہ آغاز کریں گے۔دوسری جانب انگلینڈ کے اسٹار بیٹسمین جونی بیئراسٹو انگلی میں فریکچر کے باعث ان فٹ ہوگئے اور دوسری اننگز میں ان کے بیٹنگ کرنے پر بھی ابھی سوالیہ نشان ہے۔یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان جاری 5 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ 0-2سے آگے ہے ۔