چیلنجرز کپ‘ شفاقت علی اور افضل قریشی کے مابین دوسری وکٹ پر سنچری شراکت


کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) شفاقت علی اور افضل قریشی کی دوسری وکٹ پر 110رنز کی شراکت نے برائٹ جیم خانہ کو ایمز ٹریڈنگ کیخلاف 20رنز سے فتحیاب کرکے 20واں چیلنجرز کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں 2قیمتی پوائنٹس اپنی ٹیم کے اکاؤنٹ میں جمع کرادئے ۔ شفاقت علی نے 44گیندوں پر 71رنز اور افضل قریشی نے 42رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ بلال سہگل نے 2فتح گر وکٹیں اپنے نام کیں۔ عبدالرحمن کی نصف سنچری اور محمد زین کے 43رنز ان کی ٹیم کے کام نہ آسکے۔ ہل پارک گراؤنڈ پر ایمز ٹریڈنگ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔ برائٹ جیم خانہ نے پہلی اننگز کا آغاز کیا اور مقررہ 20اوورز میں 180رنز اسکور بورڈ پر سجائے۔ شفاقت علی اور افضل قریشی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور دوسری وکٹ پر 110رنز اسکور کئے۔ شفاقت علی نے 71اور افضل قریشی نے 42رنز کی اننگز کھیلی۔ بعدازاں حیدر بنگش نے 19گیندوں پر 32رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔محمد شیخ اور محمد زین نے 2,2کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا۔جوابی اننگز میں ایمز ٹریڈنگ کی بیٹنگ لائن تسلی بخش کارکردگی نہ پیش کرسکی اور پوری ٹیم 160رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ عبدالرحمن نے 50رنز کی ساتھ بھرپور مزاحمت کی جبکہ محمد زین 20گیندوں پر 42رنز کی باری کھیلنے میں کامیاب رہے۔ بلال سہگل نے 18رنز کے عوض 2کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ دانش معین ، شعیب ابراہیم، علی جاسم اور محمد شہباز کے ہاتھ ایک ایک وکٹ لگی۔

error: Content is protected !!