کرکٹرز بیمار کیوں ہونے لگے؟

اسلام آباد(سپورٹس لنک  رپورٹ)پاکستان کے سب سے بڑے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کی میزبانی کرنے والے کرکٹ گراؤنڈز کے ڈریسنگ رومز کی گندگی سے کھلاڑی پریشان، قائد اعظم ٹرافی میں شریک متعدد کھلاڑی کیڑوں کے کاٹنے سے بیمارپڑنے لگے۔ٹیسٹ کرکٹرعمران فرحت کہتے ہیں کہ اسلام آباد کے ڈائمنڈ گراؤنڈ میں ڈریسنگ روم اور باتھ رومز میں گندگی کے ڈھیر لگے ہیں۔فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ میں سہولیات کی کمی اور گرم موسم کی وجہ سےمسائل بڑھتے جارہے ہیں۔ پہلے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق ایل سی سی اے گراؤنڈ کی ویڈیوز سامنے لائے تو اب حبیب بینک کے کپتان ٹیسٹ کرکٹرعمران فرحت نے انکشاف کیا ہے کہ ڈریسنگ رومز اور باتھ رومز میں گندگی بہت ہے۔عمران فرحت نے بتایا کہ موسم کی وجہ سے کیڑوں کی بھرمار گراؤنڈ میں بھی ہے اس لیے کھلاڑیوں کو کیڑوں کے کاٹنے کی شکایت سامنے آرہی ہیں۔عمران فرحت نے بتایا کہ ان سمیت 8 کرکٹرز کو کیڑوں نے کاٹا اور گزشتہ روز میچ کے بعد انہیں اسپتال جانا پڑا، کھلاڑی اینٹی بائیوٹکس استعمال کر رہے ہیں۔خیال رہے کہ میچ کے پہلے روز ٹیسٹ کرکٹرعمرگل ہیٹ اسٹروک کا شکار ہو گئے تھے۔ حبیب بینک کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹرعمرگل، عمراکمل، عمران فرحت اور عبدالرحمان کھیل رہے ہیں۔حبیب بینک اور اسلام آباد کا میچ ڈائمنڈ گراؤنڈ اسلام آباد میں کھیلا جا رہا ہے۔

error: Content is protected !!