پاکستان ہاکی فیڈریشن کا ایشین باڈی کو خط

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایشین ہاکی فیڈریشن کو خط لکھ کر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ پاکستان پرامن ملک ہے اور ورلڈ الیون نے یہاں کا کامیاب دورہ بھی کیا ہے اور اس بات کا اعتراف بھی کیا ہے کہ پاکستان ہاکی ایونٹس میں بہترین سہولیات رکھتا ہے جس کے بعد آئی ایچ ایف نے پاکستان کو چھ ملکی ہاکی ٹورنامنٹ کی میزبانی سونپی تھی‘ رواں ماہ کے آخری ہفتے میں لاہور میں ہونیوالے ٹورنامنٹ کی میزبانی کیلئے پاکستان ہاکی فیڈریشن نے سکیورٹی سمیت تمام انتظامات مکمل کررکھے ہیں‘ ایسے میں تین ملکوں کی جانب سے مالی تنگی یا ٹیم مصروفیات کو جواز بناکر شرکت سے معذرت کرنا سمجھ سے بالا تر ہے‘ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے خط میں ایشین ہاکی فیڈریشن پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان میں ہونیوالی چھ ملکی ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت یقینی بنائے‘ پاکستان ہاکی فیڈریشن کا کہنا ہے کہ اگر ٹیموں کی مصروفیات کا معاملہ ہے تو ہم ایونٹ کی تاریخیں آگے بڑھانے کو تیار ہیں لیکن پاکستان ہاکی فیڈریشن ملک میں مکمل ایونٹ کی میزبانی کرنا چاہتا ہے کیونکہ یہ پاکستان میں ہاکی کی بحالی کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ایونٹ ہے‘ واضح رہے کہ لاہور میں ہونیوالے ایونٹ میں عمان ، قطر ، بنگلہ دیش ، سری لنکا ، قازکستان اور افغانستان نے شرکت کرنا تھی تاہم عمان ‘قطر اور سری لنکا نے مالی وسائل کی کمی اور ٹیم مصروفیات کا بہانہ بناکر پاکستان آنے سے معذرت کی ہے۔

error: Content is protected !!