قومی کرکٹ ٹیم ڈیم فنڈ میں 32لاکھ روپے دیگی

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم سپریم کورٹ کے ڈیم فنڈ میں 32 لاکھ روپے عطیہ کرے گے۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے بتایا کہ ایشیا کپ کے لیے منتخب ہونے والے اسکواڈ کا ہر کھلاڑی 2، 2 لاکھ روپے ڈیم فنڈ میں دے گا۔قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے اپیل کی کہ عوام ڈیم فنڈ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، کیونکہ اس سے ملک کو ہی فائدہ ہوگا۔سرفراز احمد نے ایشیا کپ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کی تیاریوں کے حوالے سے بتایا کہ ٹیم کی تیاری مکمل ہے اور ایونٹ میں بھرپور کارکردی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ ایشیا کپ بڑا ایونٹ ہے ساری ٹاپ ٹیمیں کھیل رہی ہیں، تاہم بھرپور کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔سرفراز احمد نے اپنی انفرادی تیاری کے حوالے سے کہا کہ وہ بیٹنگ پر توجہ دے رہے ہیں اور ان کی فٹنس بھی اس وقت بہتر ہے، جبکہ کبھی بھی آرام کرنے کے حوالے سے بات نہیں کی۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ ایونٹ کے دوران انجری کا شکار ہوئے تو متحدہ عرب امارات میں موجود پاکستان اے ٹیم کے وکٹ کیپر ان کے لیے آپشن ہوں گے، تاہم ابھی کسی دوسرے وکٹ کیپر کی ضرورت نہیں ہے۔تجربہ کار وکٹ کیپر کامران اکمل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ میں کبھی کامران اکمل کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنا، بلکہ ٹیم کا انتخاب سب کی مشاورت سے ہوتا ہے۔متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی کنڈیشنز کے حوالے سے سرفراز احمد نے واضح کیا کہ یہاں تمام ٹیمیں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کو ہی ترجیح دیں گی، تاہم ان کی کوشش ہوگی کہ وہ اپنے اسپینرز کو مؤثر بنانے کی کوشش کریں گے۔بھارت کے خلاف میچ کا تذکرہ کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ وہ روایتی حریف کے خلاف میچ میں پوری تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔سرفراز احمد نے کہا کہ ایشیا کپ سے ورلڈکپ کے سفر کا آغاز ہوگیا ہے، پاکستانی اسکواڈ میں محمد حفیظ کی ضرورت ہے تاہم وہ پاکستان کے ورلڈ کپ پلان کا حصہ ہیں۔ایک سوال کے جواب میں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ ’شکر ہے اللہ نے ابھی تک تنقید سے بچایا ہوا ہے‘۔

error: Content is protected !!