لندن(سپورٹس لنک رپورٹ)سیریز کے پانچویں ٹیسٹ میں انگلینڈ نے بھارت پر ایک اور شکست کا شکنجہ کس دیا،مہمان ٹیم 464 رنز کے مشکل ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 58 رنز پر تین وکٹیں گنوا بیٹھی جس میں ویرات کوہلی اور چتیشور پجارا کو صفر کی ہزیمت کا سامنا رہا۔کیننگٹن اوول میں پانچویں ٹیسٹ کے چوتھے روز انگلش ٹیم نے اپنی دوسری نامکمل اننگز دو وکٹوں پر 114 رنز کے ساتھ شروع کی تو اپنا آخری ٹیسٹ کھیلنے والے الیسٹر کک اور کپتان جو روٹ نے بھارتی باؤلنگ کو بے اثر بناتے ہوئے تیسری وکٹ کی شراکت میں 259 رنز کا اضافہ کر ڈالا اور دونوں کھلاڑی اس دوران سنچریاں سکور کرنے میں بھی کامیاب رہے۔دوسرے سیشن کے کھیل میں روٹ بارہ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 125رنز بنا کر ہنوما وہاری کا نشانہ بن گئے۔اگلی بال پر جو روٹ کی اننگز بھی ختم ہو گئی جنہوں نے رشبھ پنت کو کیچ تھمانے سے پہلے 147رنز میں چودہ چوکے بھی لگائے۔ اگرچہ جانی بیئرسٹو 18اور بین سٹوکس 37 رنز بنا سکے لیکن سام کیورن کے 21 اور عادل رشید کے ناقابل شکست 20 رنز نے سکور آٹھ وکٹوں پر 423 رنزتک پہنچا دیا تو انگلش کپتان نے اننگز ڈکلیئرڈ کردی۔ ہنوما وہاری اور رویندر جدیجا نے تین،تین جبکہ محمد شامی نے دو کھلاڑی برخاست کئے۔ بھارتی ٹیم نے فتح کیلئے 464 رنز کا ہدف ملنے کے بعد میدان سنبھالا تو جیمز اینڈرسن نے شیکھر کو ایک اور چتیشور پجارا کو صفر پر ایل بی ڈبلیو کردیا جبکہ براڈ نے ویرات کوہلی کو پہلی بال پر رخصت کر کے بھارتی ٹیم کی کمر توڑ دی۔ دن کے خاتمے پر سکور تین وکٹوں پر 58 رنز تھا،لوکیش راہول 46 اور اجنکیا رہانے دس رنز پر کھیل رہے ہیں۔