کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ) لانڈھی فرینڈز کولٹس کے زیر اہتمام منعقدہ امجد اقبال شہید ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل نیو اسٹار کرکٹ کلب نے جیت لیا ۔ لانڈھی فرینڈز کے گراؤنڈ پر کھیلے گئے فائنل کے مہمان خصوصی پروفیسر اعجاز فاروقی، سابق صدر کے سی سی اے تھے۔تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ٹورنامنٹ کمیٹی کے چیئرمین شہزاد عالم کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ اور آپکی پوری ٹیم قابل مبارکباد ہے۔ جنہوں نے کلب کرکٹ کے فروغ میں اپنا حصہ ڈالا۔ میری ہمیشہ سے یہ کوششیں رہی ہیں کہ کلب کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کرتا ہے میں نے ہمیشہ ان آرگنائزرز کی حوصلہ افزائی کی ہے جو کلب کرکٹ کے فروغ میں اپنا کردار ادا ادا کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ میرے تین سالاہ دورصدارت میں کے سی سی اے نے 905میچوں کا کامیاب انعقاد کیا ہم آج بھی کلب کرکٹ کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔ اس موقع پر جمیل احمد ، سابق جوائنٹ سیکریٹری کے سی سی اے نے کہا جن لوگوں میں پاگل پن اورجنون ہوتا ہے وہی کرکٹ کے فروگ میں اپنا کردار ادا کرسکتے ہیں ۔ کرکٹ ڈرائنگ روم میں بیٹھ کر نہیں چلائی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ لانڈھی کو رنگی میں بڑا ٹیلنٹ ہے۔ صرف انہیں مناسب پلیٹ فارم فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ماضی میں یہاں سے بڑے مایہ ناز کھلاڑی نمودار ہوئے ہیں۔ جنہوں نے اس شہر اور ملک کا نام روشن کیا ہے۔ٹورنامنٹ کمیٹی کے چیئرمین شہزاد عالم نے کہا کہ میں گذشتہ 30سالوں سے کرکٹ کی خدمت کررہا ہوں۔ اس دوران میں کے سی سی اے کا اسسٹنٹ سیکریٹری بھی رہا اور کے سی سی اے کی ٹورنامنٹ کمیٹی کا ممبر ہونے کی وجہ سے مسلسل کرکٹ کے فروغ میں اپنا کرداد ادا کررہا ہوں کے سی سی اے زون پانچ میں کرکٹ کے فروغ میں میرے کردار سے تمام کلب اور ان کے عہدیدران اچھی طرح واقف ہیں کرکٹ میرے خون میں شامل ہے۔ مرتے دم تک کرکٹ کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرتا رہوں گا۔ ۔ اس موقع پر انتظار احمد، محمد یامین، جاوید احمد خان، افضل قریشی ، ظفر احمد، سلیم عالم شاہ، بشیر احمد، سید شاہد علی ، شاہ شفیع الدین، نوشاد احمد، محمداصغر، رفیق احمد، شاہد نواب ، معین الدین، وسیم علوی، سعید جبار، محمد توصیف صدیقی، مسرت رضا ، زاہد اقبال، شاہد ریاض، خرم امین، یار محمد، محمد عامر، عامر قریشی اور افضل نیازی بھی موجود تھے۔ قبل ازیں کھیلے گئے فائنل میںنیواسٹار کلب نے نیوپیراماؤنٹ سی سی کو 28رنز سے شکست دے کر فاتح ٹرافی اپنے نام کرلی۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیو اسٹار نے مقررہ 20اوور ز میں 7وکٹوں پر 174رنز اسکور کئے۔ طارق عمران 42عرفان شانباز، زاہد اﷲاورعمیر خان نے 26,26رنز کی اننگز کھیلی۔عابد علی، نوید خان اور امجد حسین نے 2,2شکار کئے۔ جوابی اننگز میں نیو پیراماؤنٹ کلب کی ٹیم 18.3اوور ز میں ہمت ہار گئی جب پوری ٹیم 146رنز پر پویلین لوٹ گئی۔عابد علی 35، حماد رفیق 25، امجد حسین 19، محمد بلال 16اور جانباز خان نے 14رنز کی باری کھیلی۔ سلو لیفٹ آرم سلیم خان نے 4وکٹیں 23رنز کے عوض اپنے کھاتے میں درج کرائیں۔ شاہد خان اور شفقت محمود نے 2,2کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ ایمپائرز ضیاء عباس اور اخترقریشی تھے۔