چیف آف ایئر سٹاف سکواش چیمپئن شپ،،مصری کھلاڑیوںکا مینز ویمنز ٹائٹل پر قبضہ


اسلام آباد(سپورٹس لنک رپورٹ):مصر کے یوسف سلیمان نے مصحف سکواش کمپلکس اسلام آباد میں جاری مردوں کی سرینا ہوٹلز چیف آف دی ایئر سٹاف انٹرنیشنل سکواش چیمپئن شپ جیت لی۔فائنل میچ کے مہمانِ خصوصی وائس چیف آف دی ائیر سٹاف، ائیر مارشل ارشد ملک تھے۔انہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ غیر ملکی سفراء ، سابقہ ورلڈ چیمپئنزجہانگیر خان،جان شیر خان اور قمر زمان کے علاوہ سکواش کے دلدادہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے یہ میچ دیکھا۔مردوں کے چیف آف ائیر سٹا ف انٹرنیشنل سکواش چیمپئن شپ کے فائنل میں مصر کے یوسف سلیمان نے ہانگ کانگ کے لی آؤ کوایک سخت مقابلے میں ہر ا کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے پہلی گیم سے ہی بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم لی آؤ نے ایک دلچسپ مقابلے کے بعد پہلی گیم میں 13/11سے کامیابی حاصل کر کے 1گیم کی برتری حاصل کر لی۔ دوسری گیم میں بھی کانٹے دار مقابلہ دیکھنے کو ملا جسمیں لی آؤ نے 13/11سے کامیابی حاصل کر کے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کر لی۔سلیمان نے تیسری گیم میں11/7سے کامیابی حاصل کر کے میچ کو دلچسپ بنا دیا۔ چوتھی گیم میں بھی انہوں نے 11/6سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے میچ کو فیصلہ کن گیم تک پہنچا دیا۔ آخری گیم میں انہوں نے 11/6سے کامیابی حاصل کر کے چیمپئن شپ ٹرافی حاصل کی۔

خواتین کے پاکستان انٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں مصر کی رووان ایلربی نے ایک یک طرفہ مقابلے میں اپنی ہم وطن نادا عباس کو32منٹ جاری رہنے والی میچ میں ہر اکر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ رووان ایلربی پہلی گیم سے ہی اپنی حریف پر حاوی رہیں اور پہلی گیم میں 11/5سے کامیابی حاصل کی۔انہوں نے دوسری گیم میںبھی اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا،اوردوسری گیم میں11/8سے کامیابی حاصل کرکے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کر لی ۔ تیسری گیم میںبھی وہ اپنی حریف پر حاوی رہیںاور 11/7سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے چیمپئن شپ ٹرافی حاصل کی۔

error: Content is protected !!