ایشیا کپ ،پاکستان کی بیٹنگ لائن بڑے ٹاکرے میں ریت کی دیوار ثابت ہوئی


دبئی(عبدالرحمان رضا)بڑے بڑے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، پاکستان کرکٹ ٹیم ایشیا کپ کے بڑے ٹاکرے میں بھارت کیخلاف ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری بیٹنگ لائن صرف 162 رنز پر پویلین لوٹ گئی جس کے بعد بھارت کو جیت کیلئے صرف 163 رنز کا ہدف ملا، اب دیکھنا یہ ہوگا کہ پاکستان کی بائولنگ لائن 163 رنز کے ہدف کا دفاع کرنے میں کامیاب ہوتی ہے یا اس کی کارکردگی بھی بیٹنگ لائن کی طرح مایوس کن رہتی ہے،تفصیلات کے مطابق دبئی انٹرنیشنل اسیٹیڈیم میں پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز کانگ کانگ کے خلاف ففٹی اسکور کرنے والے امام الحق اور فخر زمان نے کیا لیکن تیسرے ہی اوور میں امام الحق دو رنز بنا کر بھونیشور کمار کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے۔بھونیشور کمار نے پانچویں اوور میں پاکستان کے دوسرے اوپنر فخر زمان کو بھی کیچ آؤٹ کرا دیا، فخر زمان 9 گیندوں کا سامنا کرنے کے باوجود اپنا کھاتا بھی نہ کھول سکے۔دونوں اوپنرز کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد بابر اعظم اور شعیب ملک نے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو سنبھالا اور پاکستان کا اسکور 85 رنز تک پہنچایا۔سینتالیس کے انفرادی اسکور پر بابر اعظم کلدیپ یادیو کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔بابراعظم کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان سرفراز احمد وکٹ پر آئے تاہم جلد بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے وہ چھکا لگانے کی کوشش میں باؤنڈری پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ متبادل فیلڈر منیش پانڈے نے ان کا شاندار کیچ پکڑا اور 6 رنز پر ان کی اننگز کا خاتمہ کر دیا۔100 کے مجموعی اسکور پر شعیب ملک بھی 43 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے جب کہ آصف علی بھی 9 رنز بنا کر کیدار جادھو کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے۔شاداب خان بھی 121 کے مجموعی اسکور پر کیدار جادھو کی گیند پر چھکا لگانے کی کوشش میں اسٹمپڈ آؤٹ ہوئے، انہوں نے 8 رنز کی اننگز کھیلی۔فہیم اشرف 22 رنز بنانے کے بعد 157 کے مجموعی اسکور پر جسپریت بھمراہ کی گیند پر شیکر دھون کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔پاکستان کی نویں وکٹ حسن علی کی صورت میں گری جب وہ ایک رن بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔ آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی عثمان شنواری تھے جو بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔بھارت کی جانب سے بھونیشوار کمار اور کیدار جادھو نے 3، 3، جسپریت بھمراہ نے دو اور کلدیپ یادیو نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔چیمپئنز ٹرافی کے بعد دونوں ٹیمیں آج پہلی مرتبہ مدمقابل ہیں، اس وقت بھارتی ٹیم کی قیادت کرنے والے ویرات کوہلی ٹیم کا حصہ نہیں تاہم ان کی غیر موجودگی میں روہت شرما قیادت کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں بھارت نے ہانگ کانگ کو 26 رنز سے شکست دی تاہم ہانگ کانگ کی جانب سے پہلی وکٹ پر 174 رنز کی شراکت نے مخالف ٹیم پر شدید دباؤ ڈالا۔

error: Content is protected !!