ریسلنگ کے دیوانوں کیلئے بڑی خبر آگئی

ریاض (سپورٹس لنک رپورٹ)کرکٹ، فٹبال اور ہاکی سمیت متعدد کھیلوں کے ورلڈ کپس کا انعقاد تو ہوتا رہتا ہے مگر کیا آپ نے کبھی ریسلنگ کے کسی عالمی کپ کو کبھی دیکھا ؟اگر نہیں تو ڈبلیو ڈبلیو ای نے اپنے پہلے ورلڈ کپ مقابلے کے انعقاد کا اعلان کردیا ہے۔ 2 نومبر کو سعودی عرب کے شہر ریاض میں شیڈول ایونٹ کرائون جیول میں پہلی بار ایسے ٹورنامنٹ کا انعقاد ہورہا ہے۔اس ٹورنامنٹ کو کمپنی نے ڈبلیو ڈبلیو ای ورلڈکپ کا نام دیا ہے اور اس کے بارے میں بس یہ بتایا ہے کہ اس کے ذریعے دنیا کے سب سے بہترین ریسلر کا تعین کیا جائے گا، جبکہ اس ایونٹ میں کسی خواتین ریسلر کو شریک نہیں کیا جائے گا۔ڈبلیو ڈبلیو ای کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سعودی جنرل اسپورٹس اتھارٹی کے اشتراک سے ریاض کے کنگ فہد انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں 2 نومبر کو کرائون جیول ایونٹ کا انعقاد ہوگا۔اس ایونٹ میں یونیورسل چیمپئن شپ کے لیے رومن رینز (چیمپئن)، بروک لیسنر اور برائون اسٹرومین آپس میں ٹکرائیں گے۔تاہم اس ایونٹ کی خاص بات پہلی بار ڈبلیو ڈبلیو ای ورلڈکپ ٹورنامنٹ کا انعقاد ہوگا جس میں دنیا کے بہترین ریسلر کا تعین ہوگا۔خیال رہے کہ ڈبلیو ڈبلیو ای نے اس سے پہلے رواں سال اپریل میں سعودی عرب میں گریٹسٹ رائل رمبل کا انعقاد کرایا تھا جس میں پہلی بار 50 ریسلرز نے شرکت کی تھی اور یہ ایونٹ کافی کامیاب ہوا تھا۔اس ایونٹ میں مختصر لباس میں خاتون ریسلرز کی پروموشن ویڈیو چلانے پر کافی تنازع ہوا اور سعودی حکام کو معذرت بھی کرنا پڑی اور اعلان کیا گیا تھا کہ ہمارے ملک میں کبھی ایسے مقابلے نہیں ہوں گے جن میں خواتین ریسلرز شرکت کریں۔

error: Content is protected !!