دبئی ( سپورٹس لنک رپورٹ ) بھارت ٹیم کو ایشیا کپ میں بڑا دھچکا لگا ہے، ہرڈک پانڈیا، شیردل ٹھاکر اور اکثر پٹیل فٹنس مسائل کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے، تینوں کھلاڑیوں کی جگہ دیپک چھاہار، سیدارتھ کول اور روندرا جدیجا کو ٹیم میں طلب کیا گیا ہے، جدیجا کی ایک سال بعد ون ڈے سکواڈ میں واپسی ہوئی ہے، انہوں نے آخری مرتبہ جولائی 2017ء میں ایک روزہ میچ میں ملک کی نمائندگی کی تھی۔بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ہرڈک پانڈیا کمر کی تکلیف کے باعث ایونٹ کے بقیہ میچز میں ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے، وہ پاکستان کے خلاف میچ میں بائولنگ کے دوران کمر کی تکلیف میں مبتلا ہوئے تھے، انہیں اسٹریچر کے ذریعے میدان سے باہر لایا گیا تھا، ان کی جگہ دیپک چھاہار کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، اکثر پٹیل بطور متبادل فیلڈر پاکستان کے خلاف میچ میں ہی فیلڈنگ کے دوران انگلی کی انجری کا شکار ہوئے تھے، وہ بھی ایونٹ سے باہر ہو گئے ہیں، ان کی جگہ روندرا جدیجا کو سکواڈ میں طلب کیا گیا ہے جبکہ شیردل ٹھاکر جو کہ ہانگ کانگ کے خلاف میچ میں گرائون انجری کا شکار ہوئے تھے تاحال سو فیصد فٹ نہیں ہوئے اسلئے وہ بھی بقیہ میچز میں ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے، ان کی جگہ سیدارتھ کول کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔