پاکستان پریمیئر فٹبال لیگ کا آغاز کل سے ہوگا


ملتان(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان پریمیئر لیگ فٹبال کا آغاز کل سے ملتان میں ہو گا پہلے مرحلے کے 40 میچز ملتان میں ہوں گے، ایونٹ کا افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن کے الیکٹرک اور پاکستان ایئرفورس کی ٹیموں کے مابین رات 9 بجے قلعہ قاسم باغ میں شروع ہو گا، رات 11 بجے آرمی اور واپڈا کی ٹیمیں بھی آمنے سامنے ہوں گی۔ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی جنرل سیکریٹری پی ایف ایف کرنل (ر) احمد یار خان لودھی ہوں گے، ڈپٹی کمشنر ملتان مدثر ریاض ملک مہمان اعزاز ہوں گے۔ رواں سال پی ایف ایف نے کھلاڑیوں کو صلاحیتوں کے اظہار کے زیادہ مواقع دینے کیلئے ایونٹ میں ٹیموں کی تعداد 12 سے بڑھا کر 16 کر دی ہے، گزشتہ ایونٹ میں شرکت کرنے والی 12 ٹیمیں کے الیکٹرک، آرمی، پی اے ایف، پی آئی اے، واپڈا، کے آر ایل، این بی پی، پاکستان نیوی، کے پی ٹی، مسلم ایف سی (چمن)، افغان ایف سی (چمن)، بلوچستان ایف سی (نوشکی) اس بار بھی برتری کیلئے جنگ لڑیں گی جبکہ گزشتہ دنوں کوالیفائرز میں کامیاب سول ایوی ایشن اتھارٹی، سوئی سدرن گیس کمپنی، اشرف شوگر ملز اور سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز نے بھی پاکستان فٹبال کے سب سے بڑے ڈومیسٹک ایونٹ میں شرکت کا حق حاصل کر لیا تھا۔ پی پی ایل کے حوالے سے پیر کو پریس کلب ملتان میں ہونے والے تقریب میں جنرل سیکریٹری پی ایف ایف احمد یار خان لودھی نے تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پرعدنان ڈوگر سینئیر صدر لوکل آرگنائیزنگ کمیٹی، ڈائریکٹر کمپی ٹیشن سجاد محمود، ہیڈ لیگ ڈویلپمنٹ اینڈ میڈیا شاہد کھوکھر، صدر ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن ملتان جاوید قریشی، میاں عبدل باری صدر پاکستان فٹ بال ریفری ایسوسیایشن، رانا باقرسیکریٹری لوکل آرگنائیزنگ کمیٹی اور منیجر کمپی ٹیشن پی ایف ایف عمر ضیاءبھی ساتھ تھے۔ احمد یار لودھی نے بتایا کہ مجموعی طور پر رواں سال 240 میچز کھیلے جائیں گے، ملتان میں فٹبال کی مقبولیت کو پیش نظر رکھتے ہوئے یہاں پہلے مرحلے کے 40میچز کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ایونٹ کے دوران مقامی نوجوانوں کو ملک میں دستیاب فٹبال کے بہترین ٹیلنٹ کو دیکھنے اور صلاحیتیں نکھارنے کا موقع ملے گا، پی پی ایل اس علاقے میں کھیل کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔جنرل سیکریٹری پی ایف ایف نے بہترین انتظامات یقینی بنانے کیلئے معاونت پر رکن قومی اسمبلی اور ممبر کانگریس پنجاب فٹبال ایسوسی ایشن عامر ڈوگر اور ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن ملتان کے صدر جاوید قریشی کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔احمد یار لودھی نے کہا کہ سیاسی مداخلت کی وجہ سے پاکستان میں فٹبال کی سرگرمیاں 3 سال تک معطل رہیں، پاکستان پریمیئر لیگ بھی متاثر ہوئی۔ اپنے پیغام میں صدر پی ایف ایف سید فیصل صالح حیات نے کہا کہ قومی فٹبال ایونٹ میں تمام ٹیموںکو خوش آمدید کہتے ہیں، کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی، پوری کوشش کریں گے کہ یہاں سامنے آنے والا ٹیلنٹ نظر انداز نہ ہو، سابق حکومت کے دورمیں سیاسی مداخلت کی وجہ سے پاکستان فٹبال کو پہنچنے والے نقصان کی ہرممکن تلافی کیلئے کوشاں ہیں، بہت جلد اس کے اثرات بھی نظر آئیں گے۔ ڈائریکٹر کمپی ٹیشن پی ایف ایف سجاد محمود نے کہا کہ پی پی ایل پاکستان کا سب سے بڑا فٹبال ایونٹ ہونے کی وجہ سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، یہاں کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور سلیکٹرز کو بہترین ٹیلنٹ تلاش کرنے کا موقع ملتا ہے، آنے والے برسوں میں پی پی ایل کو مکمل طور پر پروفیشنل لیگ میں ڈھالنے اور غیرملکی کھلاڑیوں کی شمولیت یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔ ہیڈ لیگ ڈویلپمنٹ اینڈ میڈیا شاہد کھوکھر نے کہا کہ اگر بیرونی مداخلت کی وجہ سے سرگرمیاں متاثر نہ ہوتیں تو پی پی ایل کو پروفیشنل لیگ بنانے کا خواب پورا ہوچکا ہوتا

error: Content is protected !!