لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)سپورٹس بورڈ پنجاب نے سالانہ سپورٹس کیلنڈر(2018-19)کو حتمی شکل دیدی ہے، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے کہا ہے کہ اولمپک گیمز میں شامل 34 کھیلوں کے مقابلے ضلع، ڈویژن اور پنجاب کی سطح پر منعقد کرائے جائیں گے، پسماندہ علاقوں سمیت پنجاب کے ہر علاقے کے نوجوانوں کو سپورٹس کی یکساں سہولتیں فراہم کریں گے، پسماندہ علاقے کے نوجوانوں کا بھی حق ہے کہ وہ جدید سہولتوں سے استعفادہ حاصل کریں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز سپورٹس بورڈ پنجاب میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں ڈائریکٹر خصوصی ٹاسک انیس شیخ اور ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی نے ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد عامر جان کو سالانہ سپورٹس کیلنڈر (2018-19) سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی، اجلاس میں تمام ڈویژنل آفیسران اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسران نے شرکت کی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے کہا کہ سپورٹس کیلنڈر 2018-19 بنانا پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس حوالے سے اہم اقدامات کئے گئے ہیں اجلاس میں تمام افسران نے اس کا تفصیلی جائزہ لیا ہے جس کے بعد اس کو حتمی شکل دی گئی ہے، انہوں نے کہاکہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے صوبہ بھر کے نوجوانوں کو سپورٹس کی جدید سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں ، جدید سہولتوں سے استعفادہ حاصل کرنا پسماندہ علاقوں کے نوجوانوں کا بھی اتنا ہی حق جتنا بڑے شہروں کے نوجوانوں کا ہے، ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے مزید کہا کہ سپورٹس کے فروغ کے لئے سپورٹس بورڈ پنجاب سالانہ ڈسٹرکٹ چیمپئن شپ منعقد کرائے گا جس میں پنجاب کی سپورٹس ایسوسی ایشنز کو بھی شامل کیا جائے گا، اس چیمپئن شپ میں سکولوں کے طلبہ وطالبات بھی حصہ لیں گے، اس میں اولمپک گیمز میں شامل 34 کھیلوں کے مقابلے ضلع، ڈویژن اور پنجاب کی سطح پر منعقد کرائے جائیں گے۔ ان مقابلوں سے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کرنے کیلئے بہترین پلیٹ فارم میسر آئے گا، انہوں نے تمام ڈی ایس اوز کو ہدایت کی کہ وہ سالانہ مقابلوں کی تیاری شروع کردیں۔