بھارتی ٹیم کے نوجوان بیٹسمین پرتھوی شا کا نیا ریکارڈ

راجکوٹ (سپورٹس لنک رپورٹ)نوجوان بھارتی بلے باز پرتھوی شا نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں سنچری اسکور کر کے ڈیبیو پر سنچری اسکور کرنے والے سب سے کم عمر بھارتی بلے باز بن گئے۔ویسٹ انڈیز کے خلاف راجکوٹ میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ میں لوکیش راہل کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد پرتھوی شا نے چتیشور پجارا کے ہمراہ دوسری وکٹ کے لیے 206 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے سنچری اسکور کر کے یہ کارنامہ انجام دیا۔نوجوان بلے باز نے اپنے کیریئر کی پہلی ٹیسٹ اننگز کے دوران صرف 99 گیندوں پر سنچری مکمل کی اور بھارت کی جانب سے ڈیبیو پر سنچری اسکور کرنے والے سب سے نوجوان کرکٹر بن گئے۔

https://twitter.com/twitter/statuses/1047748898406559744

شا پہلے دن چائے کے وقفے سے چند گیندوں قبل دویندرا بشو کی گیند پر وکٹیں گنوا بیٹھے لیکن آؤٹ ہونے سے قبل انہوں نے 154 گیندوں پر 134رنز بنائے۔آئندہ ماہ 9نومبر کو 19 سال کے ہونے والے پرتھوی شا بھارت کی جانب سے سنچری بنانے والے دوسرے کم عرم ترین بلے باز بھی بن گئے، ان سے قبل یہ اعزاز سابق عظیم بلے باز سچن ٹنڈولکر کے پاس تھا جنہوں نے 1990 میں 17سال 112دن کی عمر میں انگلینڈ کے خلاف مانچسٹر کے مقام پر سنچری اسکور کر کے یہ ریکارڈ قائم کیا تھا جو اب تک انہی کے نام ہے۔

ٹنڈولکر نے شاندار اننگز کھیلنے پر نوجوان کھلاڑی کو خصوصی طور پر مبارکباد دی جبکہ ان کے ساتھ ساتھ وی وی ایس لکشمن اور وریندر سہواگ نے بھی ڈیبیو پر کارنامہ انجام دینے والے کھلاڑی کو روشن مستقبل کی نوید سنائی۔

اس اننگز کے دوران ہی پرتھوی شا ڈیبیو پر 100 سے کم گیندوں میں سنچری اسکور کرنے والے دنیا کے تیسرے کھلاڑی بن گئے۔ڈیبیو پر تیز ترین سنچری کا اعزاز شیکھر دھاون کے پاس ہے جنہوں نے 85گیندوں پر یہ کارنامہ انجام دیا تھا جبکہ ویسٹ انڈیز کے ڈیوین اسمتھ نے 93 اور شا نے 99 گیندوں پر اپنے پہلے ٹیسٹ میچ میں سنچری بنائی۔

 

 

error: Content is protected !!