دبئی(عبدالرحمان رضا)پاکستان سپر لیگ میں ناکامیوں کی داستان تحریر کرنے والے لاہور قلندر کی ٹیم نے بالآخر ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں کوئی ٹائٹل اپنے نام کرنے کا اعزاز حاصل کرلیا،ابوظہبی میں کھیلے گئے ٹی ٹونٹی کپ میں لاہور قلندرکی ٹیم عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملٹی پلائی ٹائٹنز کی ٹیم کو پندرہ رنز سے شکست دیکر ٹرافی اپنے نام کرلی، لاہور قلندر کی ٹیم نے فائنل مقابلے میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 149رنز بنائے جس میں سہیل اختر کے 56 اور فیضان کے 32 رنز نمایاں تھے،ملٹی پلائی ٹائٹنز کی ٹیم کی جانب سے البے مورک نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جواب میں ملٹی پلائی ٹائٹنز کی ٹیم مقررہ بیس اوور میں 133 رنز بنانے میں کامیاب ہوسکی اور میچ پندرہ رنز کے فرق سے ہار گئی، ملٹی پلائی ٹائٹنز کی جانب سے ڈی برونی اور ہینوکوہن نے 37،37 بنائے،لاہور قلندر کی جانب سے شاہین آفریدی نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا اور مین آف میچ بھی قرار پائے۔