پاکستان کی دبئی ٹیسٹ میں پوزیشن مستحکم، آسٹریلوی ٹیم مشکلات کا شکار


دبئی(عبدالرحمان رضا)پاکستان کی دبئی ٹیسٹ میں پوزیشن مستحکم ہو گئی، آسٹریلوی ٹیم مشکلات کا شکار ہے، پاکستان نے 181 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر دوسری اننگز ڈیکلیئر کر کے کینگروز کو فتح کیلئے مجموعی طور پر 462 رنز کا ہدف دیا، جواب میں آسٹریلوی ٹیم دوسری اننگز میں سنبھل کر لڑکھڑا گئی، عثمان خواجہ اور ایرون فنچ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو 87 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم فنچ کے آؤٹ ہوتے ہی کینگروز بیٹنگ لائن اپ ڈگمگا گئی، آسٹریلیا نے چوتھے روز کھیل کے اختتام تک دوسری اننگز میں 3 وکٹوں پر 136 رنز بنائے تھے، کینگروز کو فتح کیلئے مزید 326 رنز اور پاکستان کو 7 وکٹیں درکار ہیں، عثمان خواجہ 50 اور ٹریوس ہیڈ 34 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، محمد عباس نے 3 کھلاڑیوں کو نشانہ عبرت بنایا۔ بدھ کو دبئی ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستانی ٹیم نے 45 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر دوسری ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو امام الحق 23 رنز پر کھیل رہے تھے، امام نے حارث سہیل کے ساتھ مل کر محتاط انداز سے دن کا آغاز کیا اور ٹیم کا سکور 110 تک پہنچا دیا، یہاں پر ہولنڈ نے امام کو آؤٹ کر کے ٹیم کو دن کی پہلی کامیابی دلائی، انہوں نے 48 رنز بنائے، اگلے اوور میں لبوشگنے نے حارث کو بھی آؤٹ کر دیا

انہوں نے 39 رنز بنائے، 181 کے سکور پر اسد شفیق کے آؤٹ ہونے کے ساتھ ہی پاکستانی کپتان نے اننگز ڈیکلیئر کرنے کا اعلان کر دیا، اسد نے 41 رنز بنائے، بابر اعظم 28 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، ہولنڈ نے 3، نیتھن لیون نے 2 اور لبوشگنے نے ایک وکٹ لی، اسطرح آسٹریلیا کو فتح کیلئے مجموعی طور پر 462 رنز کا ہدف ملا، ہدف کے تعاقب کیلئے آسٹریلوی ٹیم دوسری اننگز کیلئے جب میدان میں اتری تو عثمان خواجہ اور ایرون فنچ نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو 87 رنز کا آغاز فراہم کیا، اس موقع پر محمد عباس نے فنچ کو آؤٹ کر کے نہ صرف اہم پارٹنرشپ توڑی بلکہ ٹیم کو بڑی کامیابی بھی دلائی، فنچ نے 49 رنز بنائے، اس کے بعد عباس نے مارش برادران کو بھی وکٹ پر جمنے کا موقع نہ دیا، دونوں کھلاڑی بغیر کوئی رن بنائے چلتے بنے، اس کے بعد ٹریوس ہیڈ نے عثمان خواجہ کا ساتھ دیا اور دونوں بلے بازوں نے دن ختم ہونے تک مزید کوئی نقصان نہ ہونے دیا، اسطرح چوتھے روز جب کھیل ختم ہوا تو آسٹریلیا نے دوسری اننگز میں 3 وکٹوں پر 136 رنز بنا لئے تھے، کینگروز کو کامیابی کیلئے مزید 326 رنز اور پاکستان کو 7 وکٹوں کی ضرورت ہے، عثمان خواجہ 50 اور ٹریوس ہیڈ 34 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، محمد عباس نے 3 وکٹیں لیں۔

error: Content is protected !!