پیرس (سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستانی نژاد فرانسیسی ریسلر بادشاہ خان گھٹنے کی انجری کا شکار ہوگئے ہیں ، انجری کے سبب وہ دو مہینے تک بستر پر آرام کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق بادشاہ خان الجیریا کے ایڈم بین سیبا سے فائٹ کے دوران زخمی ہوئے، لڑتے ہوئے وہ رنگ سے باہر جا گرے جس کے سبب انکا گھٹنا متاثر ہوا۔بادشاہ خان پاکستان میں ہونے والے پروفیشنل ریسلنگ انٹرٹینمنٹ کے سیزن ون کے چیمپئن بھی ہیں اور دنیا بھر میں کئی ٹورنامنٹ کھیل چکے ہیں۔کچھ ماہ قبل بادشاہ خان ’ رنگ آف پاکستان‘ کے نام سے ایک آئیڈیا لے کر منظرِ عام پر آئے تھےجس کا مقصد پاکستان میں پروفیشنل ریسلنگ کا فروغ تھا۔ انہوں نے کچھ پیشہ ور ریسلرز کے ساتھ مل کر پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے کا سلسلہ بھی شروع کیا تھا۔بادشاہ خان ، پاکستان کے مختلف شہروں میں ریسلنگ کی تربیت کے ادارے قائم کرنے کاارادہ رکھتے ہیں ، وہ انڈرگراؤنڈ ریسلنگ کے شدید مخالفین میں سے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر ایسے کسی ٹورنامنٹ میں کوئی مرجائے تو اس کی ذمہ داری کس کے سر عائد ہوگی۔